مبارک وے جو رحم دل ہیں کیونکہ ان پر رحم کیا جاوے گا۔ مبارک وے جو پاک دل ہیں کیونکہ وہ خدا کو دیکھیں گے۔ اَب آپ کیا فرماتے ہیں کہ یہ وعدے جو غم گینوں اور رحم دلوں اور پاک دِلوں کے لئے وعدہ کئے گئے تھے یہ پورے ہوں گے یا نہیں۔ اگر پورے ہوں گے تو اِس جگہ تو کسی کفارہ کا ذکر تک بھی نہیں ۔ اور اگر پورے نہیں ہونگے تو تخلف وعدہ ٹھہرا۔ جو خُداتعالیٰ کی ہدایتوں کی نسبت تجویز کرنا ایک سخت گناہ ہے۔ غرض ہم نے آپ کے رحم بلا مبادلہ کو قرآن شریف کی کامل تعلیم اور قانون قدرت اور آپکی کتب مقدسہ سے بخوبی ردّ کر دیا ۔ اب ثابت شدہ امرکے برخلاف اگر ضدّ نہیں چھوڑیں گے تو منصفیں خود دیکھ لیں گے خداتعالیٰ کی تمام تعلیمیں قانون قدرت کے موافق ہیں اور بقول ڈاکٹر مارٹن کلارک صاحب قرآنی توحید ایسی صاف اور پاک اور مطابق قانون فطرت ہے جو بچے بھی اس کو سمجھ سکتے ہیں لیکن آپ کا یہ مسئلہ تثلیث بچے تو کیا آجکل کے فلاسفر بھی خلاف عقل ٹھہراتے ہیں۔ پھر کیا وہ تعلیم جو انسانی فطرت کے مطابق اور قانون قدرت کے موافق اور ایسی چمکتی ہے کہ بچے بھی اس کو قبول کرلیتے ہیں اور تمام مذاہب کے زوائد نکال کر وہی توحید باقی رہ جاتی ہے ۔ کیونکر ردکرنے کےؔ لائق ٹھہرتی ہے۔ اور آپ کے سوال جہادکا دوسرے موقعہ پر جواب دیا جاوے گا۔ مگرآپ نے داب مناظرہ کے برخلاف کیا جو سوال پر سوال کر دیا۔ اِس کو ناظرین خود دیکھ لیں گے۔ دستخط بحروف انگریزی دستخط بحروف انگریزی غلام قادر فصیح پریزیڈنٹ ہنری مارٹن کلارک پریزیڈنٹ از جانب اہل اسلام از جانب عیسائی صاحبان