بسم اللہ الرحمن الرحیم ملفوظات حضرت مسیح موعودعلیہ الصّلوٰۃ والسلام ۱۸۹۱؁ء حضرت مولوی عبدالکریم صاحب ؓ فرماتے ہیں: بعثت کی غرض’’مجھے خوب یاد ہے اور میں نے اسے اپنی نوٹ بک میں لکھ رکھا ہے کہ جالندھر کے مقام پر ایک شخص نے حضرت اقدس امام صادق اور حضرت مرزا صاحبؑ کی خدمت میں سوال کیا کہ آپ کی غرض دنیا میں آنے سے کیا ہے‘‘؟ آپ نے فرمایا کہ ’’میںاس لئے آیا ہوں ۔تا لوگ قوت یقین میں ترقی کریں ۔‘‘ ایمان کی اقسام : ایک اور بات ہے جو میری نوٹ بک میں درج ہے اور وہ واقعہ بھی اسی جالندھر کا ہے۔ہماری جماعت کے ایک آدمی ہمارے بھائی منشی محمد اروڑا صاحبؓ نے سوال کیا کہ حضرت ایمان کتنی طرح کا ہوتا ہے؟آپ نے جو جواب اس کا فرمایا،بہت ہی لطیف اور سلیس ہے۔ فرمایا’’:ایمان دو قسم کا ہوتا ہے۔موٹا ؔاور باریکؔ۔موٹا ایمان تو یہی ہے کہ دین العجائز پر عمل کرے اور باریک ایمان یہ ہے کہ میرے پیچھے ہو لے‘‘۔۱؎