بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم نَحْمَدُٗہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْم مکتوبات احمدیہ جلد سوم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پادریوں کے نام خطوط چوں مرا نورے پئے قوم مسیحی دادہ اند مصلحت را ابن مریم نام من بنہادہ اند مکتوب نمبر۱ پادری سوفٹ صاحب کے نام یہ ایک پُرانہ خط ہے جو پادری سوفٹ صاحب کے نام لکھا گیا تھا۔ یہ پادری صاحب گوجرانوالہ میں رہتے تھے۔ انہیں عام پادریوں کی نسبت عیسوی تہیالوجی کا بڑا دعویٰ تھا۔ افسوس اس خط کے نقل کرنے والے نے بھی تاریخ و سنہ کے لکھنے سے جو سخت ضروری بات تھی تامل کیا۔ بہرحال یہ ۱۸۸۴ء سے کم عرصہ کا یہ خط نہیں۔ اس سے بڑا بھاری فائدہ یہ حاصل ہوتا ہے کہ حضرت امام الزمان اپنے دعاوی کے صادقانہ لہجے میں برابر مستقیم اور غیر مبتدل چلے آتے ہیں اور یہ افتراء اختلاق کے ردّ کی بڑی بھاری دلیل ہے۔ والحمدللّٰہ علٰی ذٰلک۔ (ایڈیٹر)