بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
نَحْمَدُٗہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْم
مکتوبات احمدیہ جلد چہارم۴
مکتوبات احمدیہ جلد چہارم میں ان مکتوبات کے اندراج کا ارادہ کیا گیا تھا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مختلف اوقات میں مخالف الرائے علماء اور صوفیاء کو لکھے تھے لیکن ان تمام مخالفین میں سے مولوی ابوسعید محمد حسین صاحب بٹالوی کے نام اس قدر خطوط ہیں کہ مناسب معلوم ہوا صرف مولوی محمد حسین کے نام کے خطوط کی ایک جداگانہ جلد تربیت دی جاوے۔ میرا یہ بھی ارادہ تھا کہ ان خطوط پر مناسب موقعہ حواشی لکھتا چونکہ پہلی جلدوں میں یہ التزام نہیں کیاگیا۔ اس موقعہ پر بھی میں نے اصل خطوط ہی کو شائع کر دینا مناسب سمجھا ہے جن جملوں یا الفاظ کو میں نے جلی کر دیا ہے وہ پڑھنے والوں کی خاص توجہ چاہتے ہیں۔
علاوہ بریں بعض جگہ میں نے مناسب سمجھا ہے کہ مولوی محمد حسین صاحب کے اُن خطوط کو حاشیہ میں درج کر دوں جس کے جواب میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے گرامی نامہ لکھا ہے۔ ہاں اتنا میں شروع میں عرض کر دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے خطوط میں ناظرین دیکھیں گے کہ کس انکساری، فروتنی اور خدا ترسی سے کام لیا گیا ہے اور برخلاف اس کے مولوی محمد حسین کے خطوط میں تیزی اور جوش تدریجاً بڑھتا گیا ہے۔ (ایڈیٹر)