قادر ہے تو وہ ان کو تندرست بھی کر سکے گا پھر اس میں تامل کی کیا ضرورت ہے اور ضرور بقول آپ کے را ستباز کے ساتھ ہوگا ضرور ہوگا۔ آپ خلق اللہ پرؔ رحم فرمایئے جلد فرمایئے اور آپ کو خبر ہوگی کہ آج یہ معاملہ پڑنا ہے جس خدا نے الہام سے آپ کو خبر دے دی کہ اس جنگ و میدان میں تجھے فتح ہے اس نے ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا ہوگا کہ اندھے و دیگر مصیبت زدوں نے بھی پیش ہونا ہے۔ سو سب عیسائی صاحبان و محمدی صاحبان کے رو برو اسی وقت اپنا چیلنج پوراکیجئے۔ چہار۴م۔ نجات کے بارہ میں جو جناب نے قرآن سے فرمایا ہے اس کا خلاصہ افعال معینہ ہے اور اس امر کی پڑتال ہم ہفتہ آئندہ میں کریں گے کیونکہ موقع وہی ہے جب ہمارے حملہ شروع ہوں گے۔ اور آپ کے حملہ ختم ہولیں گے اور جو آپ نے اعمال متقین کا فدیہ پیش کیا ہے اس کو ہم جانچیں گے کہ کیا کامل ہے یا ناقص۔ عَلٰی ہٰذا القیاس مسیح کا طریقہ نجات بھی ہم اسی روز جانچیں گے۔ دستخط دستخط بحروف انگریزی بحروف انگریزی ہنری مارٹن کلارک غلام قادر فصیح پریزیڈنٹ ازجانب عیسائی صاحبان پریزیڈنٹ ازجانب اہل اسلام بیان حضرت مرزا صاحب حضرت مسیح کے بارہ میں جو آپ نے عذر پیش کیا ہے کہ حضرت مسیح نے صرف یہودیوں کا غصّہ فرو کرنے کے لئے یہ کہہ دیا تھا کہ تمہاری شریعت میں بھی تمہارے نبیوں کی نسبت لکھا ہے کہ وہ خدا ہیں اور نیز اس جگہ آپ یہ بھی فرماتے ہیں کہ مسیح نے اپنی انسانیت کے لحاظ سے ایسا جواب دیا یہ بیان آپ کا منصفین کی توجہ اور غور کے لائق ہے صاف ظاہر ہے کہ یہودیوں نے حضرت مسیح کا کلمہ کہ میں خدا تعالیٰ کا بیٹا ہوں ایک کفر کا کلمہ قرار دے کر اور نعوذ باللہ ان کو کافر سمجھ کر یہ سوال کیا تھا اور اس سوال کے جواب میں بے شک حضرت مسیح کا یہ فرض تھا کہ اگر وہ حقیقت میں انسانیت کی و جہ سے نہیں بلکہ خدائی کی وجہ سے اپنے تئیں خدا تعالیٰ کا بیٹا سمجھتے تھے