ایماؔ معزز ایڈیٹر پنجاب گزٹ نے اپنے ضمیمہ میں ہماری طرف کیا تھا مگر ہم نے اس اثناء میں اپنے وسیع تجربہ سے دیکھ لیا ہے کہ معزز اور ذی فہم مسلمان اس بے بنیاد اشتہار کو بتمامہ سخت حقارت سے دیکھنے لگ گئے ہیں۔ ہمارا اس کی طرف اب متوجہ نہ ہونا ہی اسے گمنامی کے اتھاہ کنوئیں میں پھینک دینا ہے۔
آخر میں ہم افسوس سے کہتے ہیں کہ اگر مولوی ابوسعید صاحب معنیً بھی سعید ہوتے تو یاد کرتے اپنے اس فقرہ کو جو وہ ریویو براہین احمدیہ میں لکھ چکے ہوئے ہیں اور وہ یہ ہے۔
’’مؤلّف براہین الوہیت غیبی سے تربیت پاکر مورد الہامات غیبیہ و علوم لدنیہ ہوئے ہیں‘‘۔ پھر لکھتے ہیں۔’’ کیا کسی مسلمان متبع قرآن کے نزدیک شیطان کو بھی قوت قدسی ہے کہ وہ انبیاء و ملائکہ کی طرح خدا کی طرف سے مغیبات پر اطلاع پائے اور اس کی کوئی بات غیب و صدق سے خالی نہ جائے؟‘‘ یعنی مرزا صاحب صاحب قوت قدسیہ ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں مغیبات پر اطلاع دیتا ہے۔
باوجود اس تصدیق اور ایسے اقرار سابق کے مناسب نہ تھا کہ اسی قلم سے کاذب‘ مفتری‘ نیچری اور مغالطہ دہندہ وغیرہ الفاظ نکلتے ! رَبَّنَا اِنْ ھِیَ اِلَّا فِتْنَتُکَ تُضِلُّ بِھَا مَنْ تَشَآءُ
ناظرین پر مخفی نہ رہے کہ الحق آئندہ انشاء اللہ تعالیٰ اپنے پراسپکٹس کے موافق مضامین شائع کیا کرے گا۔ درحقیقت یہ ایک صورت میں حضرت اقدس مرزا صاحب کی کارروائیوں کو جو سراسر صدق و صلاح پر مبنی ہیں ہر قسم کی ممکن اور محتمل غلط فہمیوں اور ناجائز نکتہ چینیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بڑی وضاحت سے بیان کیا کرے گا۔ وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَاِلَیْہِ اُنِیْبُ۔
عَبْدُالْکَرِیْم