(میاؔ ں گلاب شاہ مجذوب کی پیشگوئی جیسا کہ میاں کریم بخش نے قسم کھا کر بیان کی ہے یہاں لکھی جاتی ہے) کریم بخش جمال پوری کی طرف سے للّٰہی ہمدردی کی غرض سے مسلمانوں کی آگاہی کے لئے ایک سچی گواہی کا اظہار تمام مسلمان بھائیوں پر واضح ہو کہ اس وقت میں محض اپنے بھائیوں کی خیر خواہی اور ہمدردی کیلئے اس اپنی سچی شہادت کو جس کا ذکر میں نے ازالہ اوہام کے صفحہ ۷۰۷ میں پہلے اس سے لکھایا تھا بہ تفصیل تام میرزا غلام احمد صاحب قادیانی کی نسبت ظاہر کرنا چاہتا ہوں تا لوگوں کو میری طرف سے خاص طور پر اطلاع ہوجائے اور تا ادائے شہادت کے فرض سے مجھ کو سبکدوشی حاصل ہو اور قبل اس کے کہ میں اس شہادت کو بیان کروں اللہ جلّ شانہٗ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ وہ میری شہادت بالکل صحیح اور ہریک شک اور شبہ سے بالکل منزّ ہ ہے اگر اس شہادت کے بیان کرنے میں جو ذیل میں بیان کروں گا کچھ میری طرف سے افترا ہے یا کچھ کم و بیش میں نے اس میں کردیا ہے تو خدا ئے تعالیٰ اسی جہان میں میرے پر عذاب نازل کرے۔ میں خوب سمجھتا ہوں کہ اگر میں خلا ف واقعہ بیان کروں گا اور خدائے تعالیٰ پر افترا باندھوں گا تو جہنم کے سرگروہوں میں داخل کیا جاؤں گا اور خدائے تعالیٰ کا غضب اور اس کی *** دنیا اور آخرت میں میرے پر وارد ہوگی۔ میں نے اس گواہی کو جو ابھی بیان کروں گا بہت ضبط سے یاد رکھا ہے