14/43مخدومی مکرمی اخویم صاحبزادہ سراج الحق صاحب سلمہ تعالیٰ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مدت مدید ہوئی کہ حال آں محبت سے بالکل بے خبر ہوں بلکہ رسالہ سر بہ چشم جو آپ کی خدمت میں بھیجا گیا تھا اس کے رسید بھی نہیں آئی میں آج تک اسی جگہ چھائونی انبالہ میں ہوں اور میرا پتہ یہ ہے کہ مقام انبالہ چھائونی صدر بازار امید ہے کہ آپ اپنی خیریت سے مطلع فرما دیں گے اور سب طرح سے خیریت ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمداز صدر بازار
۴؍ نومبر ۸۷ء
۱۵/۴۳ مخدومی مکرمی اخویم صاحبزادہ سراج الحق صاحب سلمہٰ تعالیٰ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کئی دن کے بعد آج عنایت نامہ آں مخدوم پہنچا خدا تعالیٰ آپ کو ہمیشہ اور ہر جگہ خوش وخرم رکھے فتح خاں سے اشتہار لے کر بلا توقف بھیجا جاتا لیکن فتح خاں مدت تیئس روز سے لاہور گیا ہوا ہے۔ ایک ادنی کام دو تین روز کا ہے نہایت اندیشہ کی بات ہے کہ اب تک واپس نہیں آیا لاہور امرتسر میں بیماری بکثرت پھیلی ہوئی ہے اور ہیضہ بکثرت ہے ایسا نہ ہو کہ بیمار ہو گیا ہو۔ جب فتح خاں بخیروعافیت واپس آتا ہے تو اشتہار لے کرارسال خدمت کروں گا جنید سے اب تک روپیہ تک نہیں آیا اورنہ فروسی سے آیا شاید کل پرسوں تک آجائے آں مخدوم نے جو سوجلد کتاب سراج منیر کی فروخت اپنے ذمہ ڈال لی خدا تعالیٰ آپ کو اس کا اجر بخشے اور آپ کو دنیا و آخرت میں مرادات دلی تک پہنچا دے اور ہمیشہ خیرو عافیت سے مطلع فرمایا کریں