(نوٹ) اس کے بعد کے خطوط میں خاں صاحب کے اصل خط بھی درج کر دئیے گئے جن کے جوابات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرف سے دئیے گئے ہیں۔
(عرفانی کبیر )
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم
از کپور تھلہ ۱۶ ؍ مارچ ۱۹۰۸
۹/۲۵ جناب عالی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عاجز اپنے چھوٹے بھائی عزیز بشیر احمد کو سہار نپور کے کالج متعلقہ باغات کی اور سیر کلاس میں داخل کرنا چاہتا ہے۔ مگر بجز حضور کی اجازت حاصل کئے اور اس کے داخلہ کے قبل دعا کرائے بغیر ہر گز اس کو وہاں پر پہنچ نہیں سکتا۔ اجازت حاصل کرنے کے واسطے ایک عریضہ بذریعہ ڈاک گزارش کرچکا ہوں جس کاجواب عاجز کو موصول نہیں ہوا اور اگر حضور اجازت دیں تو وقت داخلہ تھوڑا ہے اس لئے میں نے مناسب سمجھا کہ بذریعہ عریضہ دستی اجازت کی درخواست کی جائے اور دعا کے لئے خواستکار ہوں۔ چنانچہ حامل عریضہ ہذا کو حضور کی خدمت میں بھیجتا ہوں کہ کالج مذکور میں سہ سالہ پڑھائے ہیں اور گورنمنٹ ملازمت دینے کی ذمے دار ہے اورجو تعلیم پوری کر کے ملازمت کریں ان کو گورنمنٹ ابتدائی تنخواہ ( ؎۶۰) روپیہ کے قریب دے گی۔ کالج نیا ہے شروع میں وظیفہ بھی پڑھائی کے لئے سرکار سے قریباً کل لڑکوں کو ملتا ہے۔ اگر حضور پسند فرمائیں تو اجازت فرمادیں اور دعا فرماکر فخر بخشیں تاکہ عزیز بشیر احمد کے داخل کرانے کا جلد انتظام کیا جائے۔ ورنہ جیسا حکم ہو کیا جائے۔