سے قطع تعلق کیا نہ فسخ بیعت بالآخر اللہ تعالیٰ نے توفیق بخشی کہ اصل مرکز سے کامل طور پر وابستہ ہو گئے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بھی سیٹھ صاحب سے بڑی محبت تھی اور اس محبت کے اظہار کو خاکسار عرفانی کبیر نے بار ہا دیکھا۔ ۱۸۹۸ء سے مجھے شرف نصیب ہوا اور اس تعلق مودت و اخوت میں ہر نئے دن نے ترقی بخشی اب ہم دونوں ستر سے اوپر جا رہے ہیں اور خدا کا شکر ہے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام میں ہوکر ایک ہی باپ کے بیٹے ہو گئے ہیں۔ ذیل کے خطوط انہیں کے نام کے ہیں اور حضرت سیٹھ صاحب اب کاروباری سلسلہ سے ریٹائر ہو کر سلسلہ کے کاموں میں مصروف ہیں اور جماعت بمبئی کے امیر ہیں اللہ تعالیٰ ان کوخدمت سلسلہ کے تا دیر سلامت رکھے آمین۔
(خاکسار عرفانی کبیر)
مکتوبات
مکتوب نمبر ۱/۲۰۱ بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کا عنایت نامہ پہنچا اور نیز مبلغ دس روپیہ نوٹ خدا تعالیٰ آپ کی ترددات دور فرمائے اور نعم البدل عطا فرمائے آمین۔ اللہ تعالیٰ بہت کریم ورحیم ہے۔
وہ بہت کریم و رحیم ہے۔ اللہ تعالیٰ زیادہ فضل و کرم کرتا ہے۔ دنیا میں انسانوں کو تھوڑی سی تکلیف دے کر رحمتوں کا دروازہ کھول دیتا ہے۔ اس پر توکل رہنا چاہئے او رمیں نے بھی آپ کے لئے دعا کی ہے۔ خدا تعالیٰ قبول فرماوے آمین۔ باقی سب طرح سے خیریت