حضرت نواب محمد علی خان صاحب کے نام
حضرت نواب محمد علی خان صاحب مدظلہ تعالیٰ کے نام کے مکتوب جلد پنجم کے نمبر چہارم میں شائع ہو چکے ہیں ذیل کا مکتوب اس مجموعہ میں نہیں آیا اس لئے یہاں درج کیا جاتا ہے۔
(عرفانی کبیر)
۱۰۲/۱۹۴ بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی
از عاجز عایذ باللہ الصمد غلام احمد بخدمت عزیزی اخویم خان صاحب محمد علی خان صاحب سلمہ ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ عنایت نامہ پہنچ کر بموجب عسرت و انشراح خاطر ہوااگرچہ طبیعت اس عاجز کی کسی قدر علیل تھی اور نیز ضعف بہت تھا مگر میں نے نہ چاہا کہ آپ کو بہت انتظار میں رکھوں اس لئے بلحاظ اختصار آپ کے سوالات کاجواب دیتا ہوں (۱) جو شخص اس عاجز سے بیعت کرے اس کو قال اللہ قال الرسول کا پابند ہونا ضروری ہے۔