۱۰۰/۱۹۳ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ نقد مرسلہ آنمکرم مجھ کو مل گیا خدا تعالیٰ متواتر خدمات کے عوض میں آپ کو متواتر اپنے فضل اور جزا سے خوش کرے آمین ثم آمین۔ کتاب تریاق القلوب چھپ رہی ہے ابھی میں نہیں کہہ سکتا کہ کب ختم ہو شاید اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو دو ہفتہ تک ختم ہو جائے۔ یہ آپ کے حصہ میں اللہ تعالیٰ نے رکھا ہے کہ مشکلات میں آپ کی طرف سے مدد پہنچی ہے اس ملک میں سخت قحط ہو گیا ہے اور اب تک بارش نہیں ہوئی اور اب کی دفعہ ابتلاء کا سخت اندیشہ ہے کیونکہ ہمارے سلسلہ کے اخراجات کا یہ حال ہے کہ علاوہ او رخرچوں کے دوسو روپیہ ماہوار کا آٹا ہی آتا ہے۔ اب میں خیال کرتا ہوں اور پانچ سو روپیہ کا آئے گا اور زیادہ سے زیادہ ایک ماہ تک چلے گااور دوسرے اخراجات بھی اور مہمان داری کے ہوتے ہیں وہ بھی اس کے قریب قریب ہیں۔ چنانچہ ایندھن یعنی جلانے کی لکڑی وغیرہ غلہ کی طرح کامیاب ہو گئی ہیں اور ایسی کامیاب ہے کہ شاید اب کی دفعہ ڈیڑھ سو یا دو سو روپیہ ماہوار اسی کا خرچ ہو ڈرتا ہوں کہ وہی وقت آ گیا ہو جو کہ احادیث میں پایا جاتا ہے کہ ایک دفعہ مسیح موعود اور اس کی جماعت پر قحط کا سخت اثر ہوگا سو حیرت ہے کہ کیا ہماری جماعت میں سے اہل استطاعت میں سے ایک آپ ہیں جو حتی الوسع اپنی خدمات میں تعہد رکھتے ہیں اور دوسرے لوگ