۱۱/۱۶۹ بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم محبی عزیزی اخویم سید ناصر شاہ صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مبلغ پچاس روپیہ مرسلہ آپ کے آج کی ڈاک میں مجھ کو ملے۔ جزاکم اللہ خیرا۔ خدا تعالیٰ آپ کو ہر ایک بلا سے محفوظ رکھے اور مشکلات حل فرمائے۔ میں غائبانہ آپ کے لئے دعائیں کیا کرتا ہوں۔ خدا تعالیٰ قبول فرمائے۔آمین۔ ا س نواح میں ہیضہ کا بہت ہی سنا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ امن میں رکھے۔ آمین۔ انشاء اللہ دعا کرتا رہوں گا۔ باقی سب طرح سے خیریت ہے۔ والسلام مرزا غلام احمد عفی عنہ ۱۲/۱۷۰ بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ ونصلی مخدومی مکرمی اخویم سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ خط آپ کا معرفت حکیم حضرت مولوی نورالدین صاحب حضرت اقدس کی خدمت میں پہنچا۔ حضرت صاحب نے آپ کے حق میں بہت دعا فرمائی ہے اور بہت فکر ہے۔ اپنی طبیعت کی خیریت سے جلد جلد اطلاع دیں۔ حضرت صاحب کا خیال آپ کی طرف لگا ہوا ہے۔ والسلام ۴؍جنوری ۱۹۰۷ء بدست (منقی ) محمد صادق عفی اللہ عنہ از قادیان