۶۲/۱۳۳ (پوسٹ کارڈ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی محبی اخویم میاں عبداللہ صاحب سلمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کو نئی شادی مبارک ہو۔ بروز جمعہ حسب تحریر آپ کے طعام ولیمہ آپ کی طرف سے مہمانوں کو کھلایا گیا۔ چونکہ مہمان بہت تھے اور ؎ سیٹھ صاحب اور شیخ رحمۃ اللہ صاحب اور دوسرے بہت معزز دوست موجود تھے اور اسّی سے کچھ زیادہ ہوں گے۔ اس لئے دس روپیہ کافی نہ تھے۔ لہذا اس خوشی میں دس روپیہ میں نے اپنی طرف سے ڈال کر بیس روپیہ دعوت میں خرچ کئے عمدہ پلائو نمکین اور زردہ نہایت عمدہ اور روغن جوش اور قورمہ اور نان اور شیریں چاء وغیرہ کھانا تھا۔ مہمان نہایت خوش ہوئے اور کھاکر آپ کو دعا ء خیر کہی۔ شاید یہ طعام ولیمہ اس خوبی سے کسی جگہ آپ کو اتفاق نہیں ہو گا۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۲۲؍ جنوری ۹۷ء ۶۳/۱۳۴ (پوسٹ لفافہ ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی محبی و مشفقی اخویم میاں عبداللہ صاحب سلمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کا عنایت نامہ پہنچ کر جناب الہی میں آپ کے لئے دعا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ مشکلات پیش آمدہ دور فرمائے اور آپ کی مراوات کو عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔ بیشک آپ بعد استخارہ