طبیعت اچھی نہیں اور میں دیکھتا ہوں کہ روز برو ز کمزور ہوتی جاتی ہے۔ ابھی تک کچھ فائدہ نہیں معلوم ہوتا۔ اس لئے آپ خود آ کر یا کسی دوسرے کو بہت جلد بھیج کر اس بات کی تحریک کریں کہ کسی طرح وہ سنور میں چلے جائیں۔ شاید تبدیلی ہواسے خدا تعالیٰ فضل کرے۔ اس میں توقف نہیں کرنا چاہئے۔ کیونکہ اگر حالت زیادہ خراب ہو تو پھر سفر مشکل ہے۔
خاکسار
غلام احمد عفی عنہ
۵۶/۱۲۷ (پوسٹ کارڈ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی
محبی اخویم میاں عبداللہ صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کا کارڈ پہنچا۔ بہت خوشی کی بات ہے کہ آپ کی دو ماہ کی رخصت منظور ہو گئی۔اب چونکہ آپ کو جلد اس جگہ آنا چاہئے۔ منشی غلام قادر صاحب کی طبیعت بہ نسبت سابق صحت کی طرف مائل معلوم ہوتی ہے۔ البتہ تپ ہنوز د امنگیر ہے۔ خدا تعالیٰ شفاء بخشے۔ آپ جہاں تک ممکن ہو تو جلد آویں۔ دیر نہ کریں۔ کیونکہ آپ کے آنے سے ان کو بہت حوصلہ ہو گا۔ زیادہ خیریت ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد عفی عنہ
۲۱؍ اپریل ۱۸۹۶ء