۳۲/۱۰۳ (پوسٹ کارڈ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی مشفقی اخویم میاں عبد اللہ صاحب سلمہ تعالیٰ السلام علیکم ورحمۃ اللہ۔ یہ عاجز بتاریخ ۱۵؍ اکتوبر ۱۸۹۰ء بروز بدھ بر وقت ۱۲ بجے دن کے انشاء اللہ القدیر قادیان کے طرف روانہ ہو گا۔ اس لئے اطلاع کرتا ہوں کہ اگر ممکن ہو تو ملنے کے لئے آجاویں اور اگر حرج کار تو خیر کسی دوسرے وقت ملاقات ہو جائے گی۔ اپنی خیریت سے مطلع فر ماویں۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۲؍ اکتوبر ۱۸۹۰ء ۳۳/۱۰۴ (پوسٹ لفافہ) مشفقی ومحبی اخویم میاں عبداللہ صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ پس از سلام مسنون واضح رہے کہ آپ کا کارڈ مورخہ پہنچا۔ ؎ امر معلومہ کے واسطے کوشش کی گئی ہے اور حسب درخواست آپ کے پاس ایک شخص کو اس امر کے واسطے کہہ دیا گیا ہے بندوبست ہو رہا ہے۔ جس وقت معاملہ طے ہو جاتا ہے ان کو اطلا ع دے دی جائے گی۔ مناسب یہ ہے کہ آپ اختتام مردم شماری کے بعد یہاں قادیان میں آویں اور ضرور آویں۔ بالمشافہ اس امر معلومہ پر زیادہ گفتگو کی جائے گی۔ ایک جدید رسالہ بنام فتح اسلام تیار ہوا ہے اور مطبع میں زیر طبع ہے۔ عنقریب شائع ہو اچاہتا ہے۔ یہ رسالہ دنیا میں ایک بالکل بظاہر نئی مگر دراصل قدیم بات کا ظاہر کرنے والا ہو گا۔