۱۳/۸۴ (پوسٹ کارڈ) مشفقی مکرمی میاں عبداللہ صاحب سلمہ تعالی
بعد سلام مسنون۔ آپ بواپسی ڈاک یہ تحریر فرمادیں کہ آپ کے ضروری کام کس قدر عرصہ تک ہو سکتے۔ اگرآپ کا حرج نہ ہو تو بہتر ہے کہ یکم اکتوبر ۱۸۸۷ء تک ضرور اس جگہ پہنچ جائیں اور اگر کچھ حرج ہو تو اطلاع بخشیں۔ والسلام بخدمت مکرمی مولوی و نیز حکیم صاحب سلام مسنون پہنچے۔
خاکسار
غلام احمد
۱۱؍ ستمبر ۱۸۸۷ء
۱۴/۸۵ (پوسٹ کارڈ ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی
مشفقی اخویم میاں عبداللہ صاحب سلمہ تعالیٰ۔ بعد سلام مسنون اب کا م بہت قریب ہے۔ آپ کو فرصت ہواور کسی قسم کا حرج قلیل یا کثیر نہ ہو تو آنا چاہئے اور اگر حرج ہو تو اطلاع دینا چاہئے۔ جواب سے جلدی مطلع کریں۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد از قادیان
۲۶؍ ستمبر ۱۸۸۷ء
۱۵۔ (پوسٹ کارڈ) بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی۔ مشفقی اخویم میاں عبداللہ صاحب سلمہ۔ اسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کے تفرقہ اور واقعہ وفات آپ کی دادی صاحبہ سے بہت حزن و غم ہوا۔ خدا تعالیٰ آپ کو تسلی بخشے۔ میں تم پر راضی ہوں اور جانتا ہوں کہ خدا تعالیٰ نے تمہارے دل میں اخلاص اور محبت بھری ہوئی ہے اور لوگوں کے بگڑنے اور بد ظن ہو جانے سے مجھے اندیشہ نہیں۔ بلکہ راحت ہے خس کم جہاں پاک میں مخلوق پرست نہیں ہوں کہ محلوق کی دوستی یا دشمنی پر نظر رکھوں۔ زیادہ خیریت ہے۔
والسلام غلام احمد ۲۸؍ اکتوبر ۱۸۸۷ء