ہے کہ خواب دیکھنے والا جذبات نفس سے خالی ہو اور ایک آرام یا فتہ اور سراسر روبحق دل سے محض اظہار حق کی غرض سے استخارہ کرے۔ میں یہ عہد نہیں کر سکتاکہ ہر ایک شخص کو ہر ایک حالت نیک یا بد میں ضرور خواب آجائے گی۔ لیکن آپ کی نسبت میں کہتا ہوں کہ اگر چالیس روز تک روبحق ہو کر بشرائط مندرجہ آسمانی استخارہ کریں تو میں آپ کے لئے دعاکروں گا۔ کیا خوب ہو کہ یہ استخارہ میرے روبرو ہو۔تا میری توجہ زیادہ ہو۔ آپ پر کچھ بھی مشکل نہیں۔ لوگ معمولی اور نفلی طور پر حج کرنے کو بھی جاتے ہیں۔ مگر اس جگہ نفلی حج سے ثواب زیادہ ہے اور غافل رہنے میں نقصان اور خطرہ۔ کیونکہ سلسلہ آسمانی ہے اور حکم ربانی۔ سچی خواب اپنی سچائی کے آثار آپ ظاہر کردیتی ہے اوردل پر ایک نور کااثر ڈالتی ہے اور میخ آہنی کی طرح اندر کھب جاتی ہے اوردل اس کو قبول کرلیتا ہے اور اس کی نورانیت اور ہیبت بال بال پر طاری ہوجاتی ہے۔ میں آپ سے عہد کرتا ہوں کہ اگر آپ میرے روبرو میری ہدایت اور تعلیم کے موافق اس کار میں مشغول ہوں تو آپ کے لئے بہت کوشش کروں گا۔ کیونکہ میرا خیال آپ کی نسبت بہت نیک ہے اور خداتعالیٰ سے چاہتا ہوں کہ آپ کو ضائع نہ کرے اور رشد اور سعادت میں ترقی دے۔ اب میں نے آپ کا بہت وقت لے لیا۔ ختم کرتا ہوں۔ والسلام ۔ علیٰ من اتبع الہدیٰ۔ آپ کا مکرر خط پڑھ کر ایک کچھ زیادہ تفصیل کی محتاج معلوم ہوئی