کہ خداتعالیٰ کے فضل سے جلد سامان طبع کا پیدا ہوجائے۔ صرف کتاب کے چند نسخے باقی ہیں اور بطور پیشگی دئے جاتے ہیں اور بعد تکمیل طبع باقی انہی کو ملیں گے۔ جو اول خریدار ہوچکے ہیں ۔ قیمت کتاب سوروپیہ سے پچیس روپیہ حسب مقدرت ہے۔ یعنی جس کو سو روپیہ کی توفیق ہے وہ سوروپیہ ادا کرے اور جس کو کم توفیق ہے وہ کم مگر بہرحال پچیس روپیہ سے کم نہ ہواور نادار کو مفت للہ ملتی ہے۔ آپ جس صیغہ میں چاہیں لے سکتے ہیں اور چاہیں تو مفت بھیجی جاوے۔ والسلام احقر عباد اللہ غلام احمد ازلودہانہ محلہ اقبال گنج شہزادہ حیدر ۷؍اگست ۱۸۹ء مکتوب نمبر (۲) ملفوف بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہٰ الکریم۔ بخدمت اخویم عزیزی خان صاحب محمد علی خاں السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ عنایت نامہ متضمن بہ دخول درسلسلہ بیعت این عاجز موصول ہوا۔ دعا ثبات و استقامت درحق آں عزیز کی گئی۔ ثبلتکم علی للتقویٰ والا یمان وافتح لکم ابواب الخلوص و المجتہ والفرقان امین ثم امین۔ اشتہار شرائط بیعت بھیجا جاتا ہے۔ جہاں تک وسعت و طاقت ہو اس پر پابند ہوں اور کمزوری دور کرنے کے لئے خداتعالیٰ سے مدد چاہتے رہیں۔ اپنے رب کریم سے مناجات خلوت کی مداومت رکھیں اور ہمیشہ طلب قوت کرتے رہیں۔