مکتوب نمبر ۲/۶ یہ حصہ مکتوب دراصل میرعباس علی صاحب کے مکتوب کا ایک حصہ تھامگر چونکہ نواب صاحب کے متعلق تھااس لئے میںنے اسے علیحدہ نمبر دے کر یہاںدرج کردیا۔ (عرفانی کبیر) نواب صاحب کے بارے میںجو آپ نے دریافت فرمایاہے اس کی حقیقت یہ ہے کہ نواب صاحب کے لئے یہ عاجز مدت تک بہت تضرع سے دعا کرتا رہاہے۔ ایک مرتبہ خواب میں دیکھا کہ نواب صاحب کی حالت غم سے خوشی کی طرف مبدل ہوگئی ہے اور آسودہ حال اور شکر گزار ہیںاور نہایت عمدگی اورصفائی سے خواب آئی اور یہ خواب بطور کشف تھی چنانچہ اسی صبح نواب صاحب کو اس خواب کی اطلاع دی گئی۔ پھر ایسااتفاق ہوا کہ ایک صاحب الٰہی بخش نام اکونٹنٹ نے جواس کتاب کے معاون ہیںکسی اپنی مشکل میںدعا کے لئے درخواست کی اور بطور خدمت پچاس روپے بھیجے اورجس روز خواب آئی اس دن سے دوچار دن سے پہلے ان کی طرف سے دعا کے لئے مشغول تھا۔ اس لئے ان کے لئے دعا کرنے کو کسی اور وقت پر موقوف رکھا جس روز نواب صاحب کے لئے بشارت دی گئی تو اس دن خیال آیا کہ آج منشی الٰہی بخش کے لئے بھی توجہ سے دعاکریں۔ سو بعد نماز عصر وقت صفا پایا اور دعاکاارادہ کیاگیاتو پھر بھی دل یہی چاہاکہ اس دعا میںنواب صاحب کو بھی شامل کرلیا جائے۔ سو اس وقت نواب صاحب اور منشی الٰہی بخش دونوںکے لئے دعاکی گئی۔