خاکسار غلام احمد از قادیان ۸؍ جون ۱۸۸۹ء
(۱۵۵) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب ڈپٹی انسپکٹر سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عنایت نامہ پہنچا۔ پہلے بھی بذریعہ ایک خط کے آپ کو اطلاع دی گئی تھی کہ میری نظر میں غلام احمد نام کوئی مطبع نہیں ہے اورنہ آپ نے کچھ پتہ لکھا کہ اس شخص کا کس کٹڑہ میں ہے۔ جب تک پتہ نہ ہو۔ مضمون ارسال نہیں ہو سکتا۔ براہ مہربانی بہت جلد پتہ بھیجیں۔ اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب کی تشریف آوری کی آج کل امید لگی ہوئی ہے۔ جس وقت تشریف لائے۔خط دے دوں گا۔ آپ ک تبدیلی اگر نزدیک ہو جائے تو بظاہر تو اچھا معلوم ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ حافظ ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمداز قادیان
۱۳؍ جون ۱۸۸۹ء
(۱۵۶) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
آج اس عاجز نے جناب الٰہی میں آپ کے لئے اس طور سے دعا کی ہے کہ یاالٰہی اگر جالندھر کی تبدیلی موجب بہتری ہے اور موجب خیر اورفضل کا ہو تو اپنے بندہ رستم علی کو اس جگہ پہنچا دے اور اگر اس میں مصلحت نہ ہو تو مشکلات سے نکال کر ایسی جگہ مرحمت فرما جو موجب برکت و خوشی دنیا و دین ہو کہ تو ہر چیز پر قادر ہے۔
والسلام