حضرت چوہدری رستم علی صاحب رضی اللہ عنہ کا کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے بعض مکتوبات میں چوہدری صاحب مرحوم و مغفور کے اشعار کا ذکر فرمایا ہے اور اسے بہت پسند کیا ہے۔ بلکہ ایک موقع پر آپ نے فرمایا۔ کہ ان کو جمع کرتے جائیں۔ چوہدری صاحب مرحوم کے کلام کو جمع کرنا آسان کام نہیں ۔ بیس برس کے قریب ان کی وفات پر گزرتا ہے۔ تاہم میں اپنی کوششوں کو زندگی بھر چھوڑ نہ دوں گا۔ محض اس لئے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی یہ خواہش پوری ہوجائے جو آپ نے ا س وقت ظاہر فرمائی تھی۔ میں اگر کامیاب نہ ہوا۔ تب بھی اس کی نیت کے لئے یقینا ماجور ہوں گا۔ اب جبکہ مکتوبات کے اس مجوعہ کو میں ختم کر چکا ہوں۔ مناسب سمجھتا ہوں کہ حضرت چوہدری صاحب مرحوم کے کلام کا کچھ نمونہ یہاں دے دوں۔ جو میں اس وقت تک جمع کر چکا ہوں۔ آپ کے کلام کے اندراج کے لئے بہتر ین موقعہ اور مقام آپ کے سوانح حیات کا ایک باب ہے۔ مگر میں نہیں جانتا کہ یہ توفیق کسے ملے گی۔ میں نے پسند کیا کہ اسے کسی غیر معلوم وقت تک ملتوی کرنے کی بجائے بہتر ہے کہ کچھ نمونہ حضرت چوہدری صاحب مرحوم کے کلام کا یہاں دے دوں اوراس طرح پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اس ارشاد کی کسی قدر تک تکمیل کر دوں۔ جو آپ نے چوہدری صاحب کو اس کے جمع رکھنے اور طبع کرا دینے کے متعلق فرمایا تھا۔ حضرت چوہدری صاحب مرحوم کے کلام میں کسی شاعرانہ تنقید کی نہ قابلیت