خد اتعالیٰ آپ کو جزائے خیر بخشے۔ لیکن چونکہ مطبع کے لئے اس وقت روپیہ کی ضرورت ہے۔ یعنی کاغذ وغیرہ کے لئے سو بہتر ہے کہ وہ بیس …روپیہ جو آپ نے وعدہ فرمایا ہے وہ مطبع سیالکوٹ میں یعنی پنجاب پریس سیالکوٹ میں بنام منشی غلام قادر صاحب فصیح مالک مطبع ارسال فرمادیں۔ تا اس کام میں لگ جائے۔ کتابیں تو اکثر مفت تقسیم ہوں گی۔ مگر خرچ کی اب ضرورت ہے اور روپیہ میرے پاس نہیں بھیجنا چاہئے۔ فصیح صاحب کے پاس جانا چاہئے اور اس میں لکھ دیں۔ میرے نزدیک اس قدر لمبی رخصت ابھی لینی قابل مشورہ ہے۔ نوٹ:۔ یہ مکتوب اسی قدر ہے۔ حضرت اقدس اپنا تاریخ وغیرہ کچھ نہیں لکھ سکے۔ یہ کمال استغراق کا نتیجہ ہے۔(عرفانی) (۲۴۰) ملفوف بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کامحبت نامہ پہنچا۔ امید کہ میرا کارڈ بھی پہنچا ہو گا۔ تینوں رسالے سیالکوٹ میں چھپ رہے ہیں۔ درمیان میں بباعث بیماری پریس مین کے توقف ہو گئی ہے۔ لیکن اب برابر کام ہوتا ہے۔ امید کہ انشاء اللہ القدیر جلدچھپ جائیں گے۔ شیخ رحمت اللہ صاحب گجرات نے ان کی امداد کے لئے ایک سو روپیہ سیالکوٹ بھیج دیا ہے وہ بمبئی گئے ہیں۔ وہیں انشاء اللہ دوبارہ تقسیم کے بلادب عرب میں بندوبست کریں گے۔ باقی سب خیریت ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ضلع گورداسپور