(۲۳۳) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
۶؍ اپریل ۱۸۹۵ء
مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
گوردسپور آنے سے بہت خوشی ہوئی۔ا مید کہ اب وقتاً فوقتاً ملاقات ہوتی رہے گی۔ اطلاع بخشیں کہ صاحب ڈپٹی کمشنر گورداسپور میں ہیں یا نہیں اور اگر نہیں تو کب تک آئیں گے۔ کیونکہ ایک اخبار جاری کرنے کے لئے منظوری حاصل کرنی ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد عفی عنہ
(۲۳۴) ملفوف
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
چونکہ اخراجات پریس وغیرہ اس قدر ہیں کہ جس قدر معمولی آمدنی ہوتی ہے۔ اس کے لئے کافی نہیں۔ اس لئے بعض دوستوں کو تکلیف دینا اس کاروائی کے لئے ضروری سمجھا گیا۔آنمکرم اس کارخانہ کے لئے بیس … روپیہ ماہواری چندہ دیتے ہیں۔ سو اگر بندوبست ہو سکے اور فوق الطاقت تکلیف نہ ہو۔تو اڑھائی مہینہ کا چندہ ۵۰… روپیہ بھیج دیں۔ جب تک یہ ارھائی مہینہ گزر جائیں۔ یہ چندہ محسوب ہوتا رہے گا۔ اس طور سے ایسے ضروری وقت میں مدد مل جائے گی۔ورنہ پریسوں کے توقف میں خد اجانے کس وقت کتابیں نکلیں۔ کیونکہ تاخیر میں بہرحال آفات ہیں۔ رسالہ نور القرآن نمبر ۲ چھپ رہا ہے اور ست بچن اور آریہ دھرم بعض بیرونی شہادتوں کے انتظار میں معرض تعویق ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد از قادیان
۱۷؍ اکتوبر ۱۸۹۵ء