دعا کرتا ہوں اور ان کے عزیزوںکو بھی تسلی کے خط لکھے ہیں۔ اگر کوئی امر صفائی سے منکشف ہوا تو آپ کو اطلاع دوں گا۔ آپ بھی دعا کریں۔ والسلام چوہدری محمد بخش صاحب و مولوی امام الدین صاحب و عطاء اللہ خاں صاحب کو سلام مسنون۔ اگر ملاقات ہو تو پہنچا دیں۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد عفی عنہ صدر انبالہ
(۴۱) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مشفقی مکرمی اخویم سلمہ۔ بعد سلام مسنون۔
عنایت نامہ پہنچا۔ آپ کو ہر طرح اختیار ہے جس جو چاہیں مفت دیں اور اگر ممکن ہو تو پانچ جلد عمدہ خوبصورت اسی نمونہ کی جو میں نے دکھلایا تھا تیار کرا کر ساتھ آویں یا بھیج دیں۔ زیادہ خیریت ہے چوہدری محمد بخش صاحب کو سلام مسنون۔
خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۷؍ اکتوبر ۱۸۸۶ء
(۴۲) ملفوف
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مخدومی مکرمی اخویم سلمہ تعالیٰ۔ بعد سلام مسنون۔
یہ عاجز قادیان پہنچ گیا ہے اور یہ بات اطلاعاً لکھنا مناسب ہے کہ آں مکرم اس روپے سے جوبابت قیمت کتاب جمع ہو گا۔ ……۱۵۰ نقد بخدمت بابو الٰہی بخش صاحب اکائنٹنٹ لاہور پہنچا دیں۔ وہ سرمایہ رسالہ کے لئے جمع کر لیں گے۔ پتہ یہ ہے۔ بمقام لاہور انار کلی۔ پبلک ورکس۔ بابو الٰہی بخش صاحب اکوئنٹنٹ اور باقی روپیہ براہ مہربانی اس جگہ پہنچا دیں اور سب طرح سے خیریت ہے۔ بخدمت چوہدری محمد بخش صاحب سلام مسنون۔
راقم خاکسار
غلام احمد عفی عنہ
نوٹ۔ یہ خط غالباً ۲۵؍ نومبر کے بعد کا ہے۔ عرفانی۔