(۱۲۳) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مخدومی مکرمی اخویم ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچ کر موجب خوشی ہوا۔ رسالہ جو انگریزی میں ترجمہ کیا جائے گا اور سراج منیران دونوں رسالوں کی نسبت میری تجویز ہے۔ کہ ایک ہی جگہ کردی جائیں کیونکہ ان کے باہم تعلقات ایسے ضروری ہیں کہ ایک دوسرے سے الگ کردینے ہیںاثر مطلوب بہت کم ہو جاتا ہے۔ جس قدر توقفات ظہور میں آئے۔ وہ سب حکمت الٰہی اور مصلحت ربانی تھے۔ اب اسید کی جاتی ہے کہ منتظرین کی خواہش بہت جلدی پوری ہوجائے ۔ہمیشہ اپنی خیرو عافیت سے مطلع فرماتے رہیں۔ کہ گو مجھے خط لکھنے کا کم اتفاق ہو۔ مگر آپ کی طرف خیال رہتا ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمد ازقادیان ۱۶؍اپریل ۱۸۸۸ء (۱۲۴) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔ نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آج کی ڈاک میں عنایت نامہ پہنچا۔ مفصل خط علیحٰدہ لکھا گیا ہے۔ میں آپ کے لئے انشاء اللہ بہت دعا کرتا رہوں گا اور یقین رکھتا ہوںکہ اثر ہو۔ اگر براہین احمدیہ کا کوئی شائق خریدار ہے تو آپ کو اختیار ہے کہ قیمت لے کر دے دیں مگر ارسال قیمت کا محصول ان کے ذمہ رہے۔ اخروٹ اب تک نہیں پہنچے۔شاید دوچار دن تک پہنچ جائیں اور اگر کوئی کام سبیل پہنچانے کا ہوا ہو تو کسی قدر … بیشک بھیج دیں کہ مہمانوں کی خدمت میں کام آجائے گا۔