مجھے بذریعہ اس خبر کے پہنچنے سے کہ آنمکرم کے گھر کے لوگوں نے یک دفعہ …………… کہ تحریر سے باہر ہے۔ اللہ جلشانہ ایک صبر بخشے علاقہ مفارفت کے خانہ داری امور کی ابتری ایک مصیبت ہے مگر چونکہ اللہ جلشانہ کا یہ فعل ہے اس لئے استقال کے ساتھ صبر کرنا ہی چاہئے اور شریعت اسلام میں اور احادیث رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم سے اس بات کی تاکید پائی جاتی ہے کہ دوسری شادی کریں۔میرے نزدیک یہ بہت مناسب ہے اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے میں نے آپ کے لئے بہت دعا کی ہے اور میں چند روز سے بعارضہ درر پہلو اور تپ اور کھانسی بیمار ہوں اور آپ کی نہایت محبت اس خط کے لکھنے کا موجب ہوئی ورنہ میں اپنے ہاتھ سے بباعث ضعف کے خط نہیں لکھ سکتا۔ اس وقت مبلغ یک صد روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو پہنچا جزاکم اللہ خیرا لجزاء واحسن الیکم فی الدنیا والعقبی۔ زیادہ خیریت ہے۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور ۹۷ء
مکتوب نمبر ۲۰
مخدومی مکرمی سیٹھ اخویم صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
کل محبت نامہ آنمکرم مجھ کو ملا یہ عاجز کئی دن تک درد گردہ اور کھانسی شدیدمیں مبتلا رہا۔ اب بفضلہ تعالیٰ تخفیف ہے۔ انشاء اللہ آرام کلی ہو جائے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے آپ کے قادیان آنے کے ارادہ سے بہت خوشی ہوئی اللہ جلشانہ آپ کے درخت کارخانہ مقصد کو کامیابی کے ساتھ پورا کرے پھر آپ ستمبر ۹۷ء کے آخری ہفتہ میں اس طرف کا قصد کریں۔ کیونکہ اوائل ستمبر میں گرمی بہت ہوتی ہے اور یہ مہینہ عمدہ حالت پر نہیں ہوتا۔ اسی مہینہ میں اس ملک میں موسمی اور وبائی بیماریاں ہوتی ہیں مگر اس کے ختم ہونے پر سردی شروع ہو جاتی ہے اور اکتوبر کا مہینہ گویا سردی کاپیغام رسان ہوتا ہے۔ اس لئے اس ملک کی طرف جو سفر کیا جائے وہ ستمبر کے آخر یا اکتوبر کی پہلی تاریخ بہت مناسب ہے تا گھبراہٹ اور گرمی کے دن نکل جائیں اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ اور آپ کے صدق اور اخلاص اور محبت کا آپ کو اجر بخشے باقی خیریت ہے بخدمت جمیع اعزہ جو حاضر الوقت ہوں السلام علیکم۔
خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ مورخہ ۷؍ جولائی ۹۷ء
مکتوب نمبر ۲۱
مخدومی مکرمی سیٹھ اخویم حاجی عبدالرحمن صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو ملا سبحان اللہ کس قدر ملہی ہمدردی آپ کے دل وجان میں ڈال دی گئی ہے اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو اور ایسی تمام خدمات کا جن کو وہ دیکھ رہا ہے وہ اجر بخشے جو اس کی رحمت اور کرامت کے مناسب ہے آمین۔ بباعث رمضان ابھی کوئی کتاب چھپی نہیں انشاء اللہ بعد رمضان کام طبع بعض رسائل شروع ہو گا۔ اس وقت میں جوقریب غروب ہے طبیعت نہایت کمزور ہو جاتی ہے زیادہ نہیں لکھ سکتا تمام احباب کی خدمت میں السلام علیکم۔
خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۲۶؍ جولائی ۹۷ء
مکتوب نمبر ۲۲
محبی مکرمی اخویم سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
کل کی ڈاک میں مبلغ یک صد مرسلہ آنمکرم مجھ کو عین ضرورت کے وقت میں ملا۔ اللہ اللہ حصہ ثواب آخرت کے لئے بہت بڑا مقدر ہے۔ کبھی کسی نے منجانب اللہ کی اس اخلاص سے خدمت نہیں کی جس کو خدا تعالیٰ نے ضائع کیا ہو یہ خداتعالیٰ کا فضل ہے اور رحمت اور اس کے لطف و احسان کا ایک مقدمہ ہے کہ دلی صدق اور صفا اور اخلاص سے آپ میں مشغول رہیں واللہ لا یضیع اجر المحسنیس۔ بخدمت جمیع احباب السلام علیکم۔