مکتوب نمبر ۱۲
محبی مکرمی حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔
آج کی ڈاک میں مجھ کو آپ کا خط ملا۔ آپ کی بہو کی علالت طبع کا حال معلوم کر کے نہایت تردد ہو ا۔ اسی وقت دعا کی گئی۔ اللہ جلشانہ آپ پر رحم فرماوے اور صدمات سے محفوظ رکھے میں انشاء اللہ القدیر بہت دعا کروں گا۔ دنیا جائے ابتلاء اور جائے امتحان ہے یہ مرض درحقیقت بہت خطرناک اور نازک ہے اور ریہ زیادہ آفت کا تحمل نہیں رکھتا اور گل جاتا ہے اور ریہ کی آفت کے ساتھ جو لازمی تب ہو وہ دق کہلاتی ہے اللہ جلشانہ اس بلا سے بچاوے اور اس آفت سے محفوظ رکھے۔ کہتے ہیں کہ مچھلی کاتیل اس کے مفید ہوتا ہے اور بکری کے پایہ کی یخنی بھی مفیدہے۔ بر عایت ظاہر اسباب کسی حاذق ڈاکٹر سے علاج کرانا چاہئے اور یہ عاجز دعا کرتا رہے گا۔ اللہ جلشانہ شفا بخشے آمین ثم آمین۔
مکتوب نمبر ۱۳
مخدومی مکرمی حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔
آج کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ آنمکرم مجھ کو ملا۔ جزاکم اللہ خیرا الجزاء واحسن الیکم فی الدنیا والعقبی۔الحمد للہ والمنت۔آپ میں صحابہ آنحضرت صلے اللہ علیہ وسلم کے اخلاص اور صدق کا رنگ پایا جاتاہے۔ خداتعالیٰ آپ کا نگہبان ہو اور تمام مکروہات سے آپ کو محفوظ رکھے۔ آمین۔ اس ملک میں اگرچہ غربا اور مسکین کی کثرت سے ہماری جماعت میں داخل ہو رہے ہیں مگر ابھی تک متعصب مولوی اسی سے اپنے بخل پر قائم ہیں اور ہر طرح سے منہ کھول کر لوگوں کو حق کے قبول کرنے سے روکنا چاہتے ہیں مجھے اس سے بہت خوشی ہوئی ہے کہ چند روز ہوئے ہیں کہ خداتعالیٰ کی طرف سے یہ مبشر الہام مجھے ہو ا ہے۔ انی فی الافواج آتیک بغتہ ترجمہ یعنی میں فوجوں کے ساتھ ناگاہ ترے پاس آنے والا ہوں۔ یہ کسی عظیم الشان نشان کی طرف اشارہ کی طرف معلوم ہوتا ہے اور ظاہر یہی ہے کہ بجز آسمانی نشانوں کے دنیا حق کی طرف جھکتی نظر نہیں آتی تعصب بہت بڑھ گیا ہے بخدمت عزیزی سیٹھ صالح محمد صاحب اور محبی مشفقی مرزا خدا بخش صاحب اگر وہاں ہوں السلام علیکم
والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۳؍جنوری ۹۸ء
مکتوب نمبر ۱۴
مخدومی مکرمی سیٹھ اخویم صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ‘۔
بذریعہ تار مرسلہ آنمکرم بخیرو عافیت پہنچا معلوم ہوا۔الحمداللہ علی ذالک امید کہ حالات خیریت آیات سے مسرور الوقت فرماتے رہیں اس جگہ بفضل ربی خیریت ہے اخویم سیٹھ صالح محمد صاحب و مولوی سلطان محمود صاحب و دیگر احباب السلام علیکم۔
خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۲؍فروری ۹۷ء