مکتوب نمبر ۶
مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
کل بذریعہ تار مبلغ یک صدروپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو پہنچ گئے جزاکم اللہ خیرا الجزاء احسن الیکم فی الدنیا والعقبی۔ یہ ایک الطاف رحمانیہ ہے اور قبولیت خدمت کی نشانی ہے کہ آپ کی خدمت مالی سے اکثر پیش از وقت مجھ کو خبر دی جاتی ہے اس لئے ایسا ہی اتفاق ہوا اور دوسرے دن کے لئے بہت ہی کم ایسا معاملہ وقوع میں آیا ہے۔ واللہ اعلم یہ عاجز ان دنوں بیمار رہا ہے اور اب بھی اکثر درد سر دوران سر کی بیماری میں لاحق ہے مگر الحمد للہ کہ ہزاروں خطرناک بیماریوں سے امن ہے۔ میری متواتر علالت طبع کے باعث سے رسائل اربعہ کے طبع میں توقف ہوا اب میں خیال کرتا ہوں کہ شاید یہ کام آخر نومبر ۹۶ء تک کامل ہو جائے آیندہ اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے بخدمت محبی اخویم سیٹھ صالح محمد صاحب بعد سلام علیکم میری دانست میں سفر جاپان مناسب نہیں۔
والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۶؍ جون ۹۶ء
مکتوب نمبر ۷
مخدومی مخلصی محبی حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔
تین روز ہوئے کہ آپ کا ملہی عطیہ یعنی سو روپیہ بذریعہ ڈاک مجھ کو ملا جزاکم اللہ خیر اء احسن الیکم فی الدنیا والعقبی جس قدر آپ اس محبت کے جوش سے جوبندگان خداکو خداتعالیٰ کی راہ میں ہوتے ہیں خدمت مالی کر رہے ہیں اس کی عوض میں ہماری بھی دعا ہے کہ خد اکریم ور حیم آپ کو دنیا و آخرت میں لازوالی رحمتوں سے مالا مال کرے اور ہر ایک امتحان اور ابتلاء سے بچاوے آمین ثم آمین۔ اس وقت انہیں رسائل کی تالیف میں مشغول ہوں۔ جن کاآنمکرم سے تذکرہ ہوا تھا چونکہ بعض امور میں یہودیوں کی شہادتیں درکار تھیں اس لئے میرے وقت کا بہت حرج ہوا۔ اب صرف ادن امور مستفرہ سے ایک امر باقی ہے جس کی نسبت محبی منشی زین الدین محمد ابراہیم نے وعدہ کیا ہے کہ جلد میں اس کا جواب بھیج دوں گا اس کے بعد میری کاروائی جلد جلد انشاء اللہ خاتمہ کو پہنچے گی خدا تعالیٰ ان پادریوں کی گروہ کوتباہ کرے انہوں نے دنیا کو بہت نقصان پہنچایا ہے آمین امید کہ ہمیشہ اپنے حالات سے خیریت آیات سے مطلع و مسرور الوقت فرماتے رہیں۔
والسلام خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ۱۹؍ اگست ۹۶ء
مکتوب نمبر ۸
مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلمہ اللہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ ۔
کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ آنمکرم مجھ کو ملا اور حال خیروعافیت معلوم ہوا خداتعالیٰ آپ کو ان مخلصانہ خدمات کا ثواب دار دین میں بخشے اور نیز آپ کے اموال میں برکت عطا کرے۔