اس سے اطمینان دل کے ساتھ میں سمجھتا ہوں کہ اللہ جلشانہ نے ثواب کبرا پہنچانے کا آپ کے لئے ارادہ فرمایا ہے دنیا کی حقیقت خدا تعالیٰ کے نزدیک اس قدر ہیچ ہے کہ پرپشہ کی برابر بھی نہیں اس لئے فاسق اور فاجر اور بڑے بڑے کافر بھی اس میں شریک ہیں بلکہ زیادہ دنیا میں عروج انہیں کا نظر آتا ہے پس نیک بخت مسلمان کے لئے جو سچا مسلمان ہے فکر آخرت مقدم ہے دنیا میں ہم درختوں کے پتے کھا کر بھی گزارہ کر سکتے ہیں فاقوں سے بھی بسر کرسکتے ہیں۔ لیکن آخرت کے ذلت اور آخری محتاجگی ایک ابدی موت ہے سومیں دعا کرتا ہوں کہ اللہ جلشانہ دنیا کی آفات سے محفوظ رکھ کر عاقبت کے مراتب نصیب کرے اور اپنی محبت عطا فرمائے۔ آمین۔ مجھے آپ سے دلی محبت ہے او رآپ کے لئے غائبانہ دعا کرتا رہتا ہوں اور آپ کے بھائی صالح محمد اور عالی محمد دونوں کے لئے بھی دعا کرتا ہوں کہ اللہ جلشانہ دنیا کی بلائوں سے بچاوے اور دین کی لغزشوں سے محفوظ رکھے آپ کا پہلا روپیہ بھی پہنچ گیا۔ والسلام خاکسار غلام احمد ۹؍ دسمبر ۹۴ء مکتوب نمبر ۵ محب یک رنگ مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب اللہ رکھا۔ سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ کل کی ڈاک میں بذریعہ تار مبلغ پانچ سو روپیہ آنمکرم مجھ کو پہنچ گیا۔ خداتعالیٰ آپ کے ان للہی خدمات کا دونوں جہان میں وہ اجر بخشے جواپنے مخلص اور وفادار بندوں کا بخشتا ہے۔ آمین ثم آمین۔ یہ بات فی الوقعہ سچ ہے کہ مجھ کو آپ کے روپیہ سے اس قدر دینی کام میں مدد پہنچ رہی ہے کہ اس کی نظیر میرے پاس بہت کم ہے میں اللہ تعالیٰ سے چاہتا ہوں کہ آپ کو ان خدمات کا وہ بہ رحمت باداش بخشے کہ تمام حاجات درارین پر محیط ہو اور اپنی محبت میں ترقیات عطا فرمائے محض اللہ تعالیٰ کے لئے اس پر آشوب زمانہ میں جو دل سخت ہو رہے ہیں آگے سے آگے بڑھانا کچھ تھوڑی بات نہیں ہے۔ انشاء اللہ القدیر آپ ایک بڑے ثواب کا حصہ پانے والے ہیں کچھ تھوڑے دن ہوئے ہیں کہ مجھ کو خواب آیا ہے کہ ایک جگہ میں بیٹھا ہوں یک دفعہ کیا دیکھتا ہوں کہ غیب سے کسی قدر روپیہ میرے سامنے موجود ہو گیا ہے میں حیران ہوا کہ کہاں سے آیا۔ آخر میری رائے ٹھہر ی کہ خداتعالیٰ کے فرشتہ نے ہماری حاجات کے لئے یہاں رکھ دیا ہے پھر ساتھ الہام ہوا کہ انی مرسل الیکم ہدیتہ۔ کہ میں تمہاری طرف بھیجتا ہوں اور ساتھ ہی میرے دل میں پڑا کہ اس کی بھی تعمیر ہے کہ ہمارے مخلص دوست حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب اس فرشتہ کے رنگ میں متمثل کئے گئے ہوں گے اور غالباً وہ روپیہ پہنچائیں گے اور اس خواب کو عربی زبان میں اپنی کتاب میں لکھ دیا۔ چنانچہ کل اس کی تصدیق ہو گئی الحمدللہ یہ قبولیت کی نشانی ہے کہ مولی کریم نے خواب اور الہام سے تصدیق فرمائی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اور فضل سے مکروہات سے بچاوے اور آپ کے ساتھ ہو۔ میں عنقریب ایک کتاب منن الرحمن نام شائع کرنے والا ہوں شاید کل اس کے کاغذ کے لئے لاہور میں آدمی بھیج دوں۔ اس میں یہ بیان ہے کہ خداتعالیٰ نے ہم پر کیا کیا فضل کئے اور قرآن کریم کی بعض آیتوں کی تفصیل ہو گی غالباً عربی زبان میں معہ ترجمہ ہو گی باقی سب خیریت ہے۔ والسلام از طرف محبی اخویم مولوی حکیم نور دین صاحب السلام علیکم معلوم کریں۔ خاکسار مرزا غلام احمد ۱۷؍ مارچ ۹۵ء