جس قدر دل کو درد پہنچتا ہے اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے مگر ساتھ ہی وہ امیدیں جو خد اتعالیٰ کے فضل پر ہیں وہ ناامیدی کو نزدیک نہیں آنے دیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ وہ دن دکھلائے کہ آپ کی قلم سے نکلی ہو ئی یہ عبادت پر ہوں کہ حسب المراد خد اتعالیٰ نے فضل کر دیا اس کے آگے کچھ بھی دور نہیں۔ ہر ایک رات اس امید کے ساتھ پلنگ پر لیٹتا ہوں کہ کوئی خوشخبری حضرت عزت جل شانہ سے آپ کی نسبت پائوں اگر ایسی خوشخبری مجھ کو ملی تو مجھ کو وہ خوشی ہو گی جس کا اندازہ نہیں ہو سکتا اللہ تعالیٰ آپ کا معہ تمام عزیزوں کے ہر اک ارضی سمادی بلاسے بچاوے او راپنے سایہ رحمت سے محفوظ رکھے ہمیشہ حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۱۱؍ نومبر ۹۸ء مکتوب نمبر ۵۸ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ آپ کاعنایت نامہ معہ مبلغ ایک سو روپیہ آج مجھ کو ملا جزاکم اللہ خیرالجزاء آمین۔ جس قدر یہ عاجز آپ کو تسلی اور اطمینان کے الفاظ لکھتا ہے یہ لغو اور بہودہ نہیں ہے۔ بلکہ بوجہ آپ کے نہایت درجہ کے اخلاص کے اس درجہ پر آپ کے لئے ظہور میں آتی ہے کہ دل گواہی دیتا ہے کہ یہ دعائیں خالی نہیں جائیں گی جو لوگ خدا تعالیٰ کی ہستی پر ایمان لائے ہیں اور اس کو قادر او ر کریم اور رحیم سمجھتے ہیں ان کے لئے دعائوں سے زیادہ کوئی امر موجب تسلی نہیں ہوسکتا میں اپنے دل سے یہ گواہی پاتا ہوں کہ جیسا کہ ایک شخص اپنے لئے جوش اخلاص اور محبت اور ہمدردی سے کسی کے لئے دعا کرسکتا ہے وہ دعا میں آپ کے لئے کرتا ہوں او رمیں یقین رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری دعائوں کو ضائع نہیں کرے گا وہ خد ا وندرحیم وکریم ذوالحیاء الکرم ہے امید ہے کااپنے حالات خیریت آیات سے مطلع او رمسرورالوقت فرماتے رہیں باقی سب خیریت ہے۔ والسلام مبلغ ایک سو روپیہ سیٹھ دال حاجی صاحب کی طرف سے بھی پہنچ گیا تھا۔ میری طرف سے دعا اور شکر ان کوپہنچا دینا۔ خاکسار مرزا غلام احمد ۲۲؍ نومبر ۹۸ء مکتوب نمبر ۵۹ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ خدا تعالیٰ آپ کے ساتھ او رآپ کا محافظ ہو اس وقت بباعث تکلیف وہی یہ ہے کہ کل کی ڈاک میں مبلغ پچاس روپیہ مرسلہ عرب صاحب بغدادی پہنچے۔ چونکہ مجھے پتہ یاد نہیں ہے اس لئے مکلف ہوں کہ میری طرف سے رسید معہ شکر ودعا پہنچا دیں اور اللہ تعالیٰ تمام دوستوں کو آفات سے بچاوے او راطلاع بخشیں کہ مدراس میں پھر تو کوئی واردات طاعون نہیں ہوئی اور سو روپیہ لال جی حاجی صاحب کا بھی پہنچ گیا تھا آپ کی خدمت میں بھی میری طرف سے دعا اور رسید روپیہ کی خبر پہنچا دیں باقی سب خیریت ہے۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۲۶؍ نومبر ۹۸ء مکتوب نمبر ۶۰ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔دو عنایت نامے یکے بعد از دیگرے پہنچے۔