مکتوب نمبر ۵۰ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آنمکرم پہنچا احسن الجرا کم۔ اب دعائیں جناب حضرت عزت میں آپ کے لئے کما ل کو پہنچ گئیں۔ ہر گز امید نہیں کہ خدا تعالیٰ ان دعائوں کو ضائع کرے امید کہ آپ اپنے رویا سے بھی اگر ہو تو مطلع کریں مجھ کو یاد ہے کہ جب میں نے قادیان میں آپ کو کہا تھا تو ایک مبشر رویا آپ کو ہوئی تھی اورمیں منتظر بشارت الہام کا ہوں۔ جس وقت الہامی بشارت ہوئی تو بذریعہ خط یا بذریعہ تار اطلاع دوں گا باقی سب طرح سے خیریت ہے خداتعالیٰ آپ کومعہ عزیزوں کے آفات سے محفوظ رکھے آمین۔ خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ از قادیان ۲۲؍ اگست ۹۸ء مکتوب نمبر ۵۱ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ مبلغ سو روپیہ کی رسید پہلے لکھ چکا ہوں امید کہ اپنے حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں اس طرح تک پہنچنا تھا کہ آپ کے عنایت نامہ پہنچ گیا اللہ تعالیٰ ہر ایک فتنہ اور بلا سے بچاوے اس جگہ طاعون کے لئے ایک دو اتیار ہوئی ہے خدانخواستہ اگر مدراس کے قریب آگیا تو وہ دو ا بھیج دوں گا اور آپ تسلی رکھیں آپ کے لئے دعا میں مشغول ہوں مناسب ہے ہیضہ کے دنوں گھر کے تمام لوگ دو وقت دو دورتی کونین کھاویں۔ ثقیل چیزوں او رمچھلی اور گوشت کی بوٹی اور عفونت پیدا کرنی والی چیزوں سے حتی الوسع پرہیز کریں اور کھانے میں کسی قدر ترشی استعمال کریں اور خدا تعالیٰ سے دعا کرتے رہیں۔ میں برابردعا میں مشغول ہوں بے قرار نہیں ہونا چاہئے دعائیں منظور ہو جاتی ہیں کسی وقت پر ان کا ظہور موقوف ہوتا ہے خدا تعالیٰ پر بہت یقین اور بھروسہ رکھنا چاہئے۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۲۸؍ اگست ۹۸ء مکتوب نمبر ۵۲ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو ملا جزا کم اللہ خیراالجزا۔ آپ کا عنایت نامہ بھی مجھ کو ملا۔ میں اس بات پر یقین کامل رکھتا ہوںکہ جس قدر میں نے آپ کے حق میں دعا کی ہے اور کر رہا ہوں گو بظاہر ابھی کچھ بھی آثار نہ ہوں تب بھی پوشیدہ طور پر آپ کے لئے بہتری کی تجویز ہے بلکہ شاید آپ کی بہتری کی غرض سے بعض اور ہم پیشوں کی بہتری بھی ہو جائے اور میں ابھی تک دعا میں سست نہیں ہوا۔ شاید آپ جس وقت سوتے ہیں اس وقت میں آپ کے لئے دعا میں مشغول ہوتا ہوں۔ آپ کی یہ نہایت خوشی قسمتی ہے کہ خداتعالیٰ نے آپ کو نہایت نیک اور پختہ اعتقاء بخشا ہے پس یہی ایک چیز ہے جس سے فتح یابی کی امید ہو سکتی ہے کیونکہ جس قدر اعتقاد ہوتا ہے اسی قدر دعا میں تحریک بھی ہوتی ہے سو ایک پاک دانائی ہے جو ہر ایک کو میسر نہیں آتی جو آپ کے دل میں ڈالی گئی ہے اللہ تعالیٰ جلد تر آپ کو اپنے مقاصد میں کامیاب فرمائے آمین۔ اور ان دنوں میں یہ دعا بھی کر رہا ہوں کہ خداتعالیٰ مدراس کو ہیضہ سے نجات بخشے اور طاعون سے محفوظ رکھے اور دونوں بلائوں سے آپ کو او رآپ کے عزیزوں سے دور رکھے امید کہ حالات خیریت آیات سے ہمیشہ مطلع فرماتے رہیں۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۲؍ ستمبر ۹۸ء