مکتوب نمبر ۴۷ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ کل کی ڈاک میں مبلغ ایک سو روپیہ مرسلہ آنمکرم مجھ کو مل گیا خدا تعالیٰ آپ کو بہت بہت جزائے خیربخشے کہ باوجود اس قدر انواع اقسام ترودات کے اس ہموم و غموم کے وقت میں آپ للہ خدمت میں سرگرمی سے مصروف ہیں لیکن باوجود اس علم کے کہ یہ کام اخلاص کا جوش آپ سے کراتا ہے پھر بھی خوشی سے ظاہر کرتا ہوں کہ جب تک یہ ہموم دور نہ ہوں اس وقت تک تکلیف نہ فرمائیں۔ میں ہرگز دعامیں قاصر نہیں ہوں گااور دعا کو نہیں چھوڑوں گا۔ جب تک صریح آثار نہ دیکھوں اور میں دعا میں مشغول ہوں اور خداتعالیٰ کے فضل کا ہروقت ہر لحظہ منتظر ہوں۔ والسلام۔ خاکسار مرزا غلام احمد ۱۷؍جولائی ۹۸ء مکتوب نمبر ۴۸ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ عنایت نامہ پہنچا عاجز آپ کے لئے نماز میں اور خارج کے دعا میں مشغول ہے جس ذوالجلال خدا کی جنا ب میں دعا کی جاتی ہے۔ وہ قدرت اور رحمت دونوں صفات اپنی ذات میں رکھتا ہے صرف ایک امر کی دیر ہے عقل مند کسی آزمائش کے بعد پھر اس میں شک نہیں کرسکتا میں بے شمار مرتبہ اس غفوو رحیم کی رحمتوں کو آزمایا اور دیکھا ہے آپ کو وہ الہام یاد ہوگا۔ قادر ہے وہ بادشاہ ٹوٹا کام بناوے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ نہایت یقین سے آپ اس ذات پاک رب جلیل پر یقین رکھیں مجھے جس قدر اپنی دعاؤں کے قبول ہونے پر وثوق ہے یہ ایک ایسا راز ہے کہ میرے خدا کے سوا کسی کو واقعی اور پورا علم اس کا نہیں ہے فاالحمدللہ۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۲۶؍جولائی۹۸ء از قادیان مکتوب نمبر ۴۹ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ سلمہ۔ السلام و علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘۔ عنایت نامہ پہنچا اللہ جلشانہ آپ کے نیت خیر سے صد ہا حصہ زیادہ آپ سے معاملہ کرے آمین۔ میں آپ کے لئے دعا میں مشغول ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ قبولیت کی بشارت سنوں مجھے اس قد خدا تعالیٰ کے لطف احسان پر امید ہے کہ ان کا اظہار مشکل ہے اور بغیر کسی فخر کے مجھے یقین ہے کہ میری دعا معمولی نہیں۔ ہرآن کا ریگہ گردواز دعائے محوجانانے۔: نہ شمشیر ے کندآن کارونے بادے نہ بارانے عجب وارد اثر دستے کہ دست عاشقی باشد۔: بگر واند جہانے رازبہر کارگریانے اگر جنبد لب مردے زبہر آنکہ سرگردان۔: خدا از آسمان پیدا کند ہرنوع سا مانے زکار اوفتادہ راہر کارمی آروخدازین رہ۔: ہمین باشد دلیل آنکہ ہست از خلق پہنانے مگر باید کہ باشد طالب او صابر و صادق۔: بیند روز نو میدی وفا دار ازدل وجانے خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ۵؍اگست ۹۸ء