توقف اور تعویق کا موجب ظاہری وہ مالی مشکلات تھیں جو کارخانہ الحکم کو بوجہ خسارہ مشین پیش آئیں لیکن اب چونکہ میرے مکرم بھائی منشی محمد وزیر خاں صاحب اورسیئر نے جو سلسلہ کے ایک مخلص اور جوشیلے ممبر ہیں اور میرے ساتھ اُنہیں دیرینہ محبت ہے اس سلسلہتالیفات مکتوبات میں مدد کرنے کا وعدہ فرمایا ہے اس لئے میں امید کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ چاہے تو باقی جلدیں جلد شائع ہوسکیں گی۔ والامربیہ اللّٰہ
احباب اگر اس سلسلہ تالیفات کی خریداری میں میری حوصلہ افزائی کریں تو خدا کے فضل سے وہ وقت قریب آ سکتاہے کہ میں اللہ تعالیٰ کی تائید اور توفیق سے اُس عظیم الشان کام کو شروع کر دوں جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سوانح عمری کا کام ہے۔ یہ سوانح عمری حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سوانح عمری ہی نہ ہوگی بلکہ یہ سلسلہ عالیہ احمدیہ کی ایک تاریخ ہوگی۔
یہ معمولی محنت کا کام نہیں اس کے لئے ایک خاص سٹاف کی ضرورت ہوگی اور ہزاروں ہزار صفحات کی ورق گردان اور واقعات کا جمع کرنا اور تالیف و ترتیب کا کام ہوگا۔ میں اپنے مخلص احباب کا شکر گزار ہوں کہ وہ مجھے اس کا اہل سمجھتے ہیں اور میں خدا تعالیٰ کے اس فضل کا شکر گزار ہوں میں اس امر کا اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سوانح کا میٹریل میں نے قریباً جمع کر لیا ہے اس کی ترتیب اور طبع ہی کا کام اب باقی ہے اور یہ اس وقت شروع ہو سکے گا جب اللہ تعالیٰ ایسے مخلص قلوب کو تحریک کرے گا جو اس راہ میں اپنا مال نثار کر سکیں ساری توفیقیں اللہ کو ہی ہیں۔ یہ کتاب صرف ایک ہزار چھاپی گئی ہے جس قدر جلد احباب اس کی اشاعت میں حصہ لیں گے اسی قدر جلد وہ مجھے دوسری جلد کی اشاعت کا موقع دیں گے۔
والسلام
احقر یعقوب علی تراب احمد
ایڈیٹر الحکم قادیان
(دفتر الحکم قادیان دارالامان ۲۴؍ دسمبر ۱۹۱۲ء)