اشتہاؔ ر نور الابصار صداقت آثار عیسائی صاحبوں کی ہدایت کے لئے یاایھا المتنصرون ماکان عیسٰی الّا عبد من عباد اللّٰہ قد مات ودخل فی الموتٰی فلا تحسبوہ حیًّا بل ھو میّت ولا تعبدوا میّتًا وانتم تعلمون۔ اے حضرات عیسائی صاحبان ؛ آپ لوگ اگر غور سے اس کتاب ازالہ اوہام کو پڑھیں گے تو آپ پر نہایت واضح دلائل کے ساتھ کھل جائے گا کہ درحقیقت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اب زندہ موجود نہیں ہیں بلکہ وہ فوت ہو چکے اور اپنے فوت شدہ بزرگوں میں جاملے۔ ہاں وہ روحانی زندگی جو ابراہیم کوملی، اسحاق کو ملی۔ یعقوب کو ملی۔ اسمٰعیل کو ملی اور بلحاظ رفع سب سے بڑھ کر ہمارے سیّد ومولیٰ محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کوملی۔ وہی زندگی بلا تفاوت حضرت عیسیٰ کو بھی ملی۔ اس بات پربائبل سے کوئی دلیل نہیں ملتیؔ کہ مسیح ابن مریم کوکوئی انوکھی زندگی ملی۔بلکہ اس زندگی کے لوازم میں تمام انبیاء شریک مساوی ہیں۔ ہاں باعتبار رفع کے اقرب الی اللہ مقام ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ہے۔ سو اے حضرات عیسائی صاحبان ! آپ لوگ اب ناحق کی ضد نہ کریں۔ مسیح ایک عاجز بندہ تھا جو فوت ہوگیا اور فوت شدہ لوگوں میں جاملا۔آپ لوگوں کے لئے یہی بہتر ہے کہ خدا تعالیٰ سے ڈریں اور ایک عاجز مخلوق کو خدا کہہ کر اپنی عاقبت خراب نہ کریں آپ لوگ ذرہ سوچیں کہ مسیح اس دوسرے عالم میں اَوروں سے کس بات میں زیادہ ہے۔ کیا انجیل اس بات کی گواہی نہیں دیتی کہ ابراہیم زندہ ہے؟ بلکہ لعاذربھی؟ پھر مسیح لعاذر سے اپنی زندگی میں کس بات میں زیادہ ہے۔ اگر آپ لوگ تحقیق سے نوشتوں کو دیکھیں تو آپکو اقرارکرناپڑیگا کہ کسی بات میں زیادہ نہیں۔ اگر آپ لوگ اس بار ہ میں میرے ساتھ بحث کرنا چاہیں تو مجھے اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ میں اس بحث میں مغلوب ہونے کی حالت میں حتی الوسع اپنے ہر یک تاوان کو جو آپ لوگ تجویز کریں دینے کو طیارہوں بلکہ اپنی جان بھی اس راہ میں فداکرنے کو حاضر ہوں۔ خداوند کریم نے میرے پر کھول دیا ہے کہ درحقیقت عیسٰی ابن مریم فوت ہوگیااور اب فوتؔ شدہ نبیوں کی جماعت میں داخل ہے۔ سو آؤ دین اسلام اختیار کرو۔ وہ دین اختیار کرو جس میں حیّ لا یموت کی پرستش ہورہی ہے نہ کسی مردہ کی۔ جس پر کامل طورپر چلنے سے ہر یک محب صادق خود مسیح ابن مریم بن سکتا ہے۔ والسلام علیٰ من اتبع الھدیٰ۔ المشتہر غلام احمد قادیانی ۳ ؍ستمبر ۱۸۹۱ ؁ء الحمد و المنۃکہ رسالہ ازالہ اوہام از تصنیفات مجدددوراں مرسل یزداں مسیح الزمان جناب حضرت مرزا غلام احمد صاحب رئیس قادیان سلمہ المنان در مطبع ریاض ہند امرتسر باہتمام شیخ نور احمد صاحب زیور طبع پوشید بقلم ذلیل ترین کافۂ انام غلام محمد امرتسری غفر اللّٰہ ذنوبہ و ستر عیوبہ