مخالفت ہمیشہ راستبازوں کی ہوتی ہے ۔ جھوٹوں کی کوئی مخالفت نہیں کرتا ۔ بلکہ لوگ اُن کے ساتھ ہو جاتے ہیں اور یہ سنت اللہ ہے ۔ ہر نبی کے زمانہ میں کوئی نہ کوئی جھوٹا مدعی بھی ضرور پید اہوتا ہے ۔ حضرت عیسیٰ کے زمانہ میں بھی دو اور شخصوں نے مسیح ہونے کا دعویٰ کیا تھا مگر یہودیوں نے ان دونو کی کچھ مخالفت نہ کی اور نہ ان کو کچھ ستایا اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیچھے پڑ گئے اور اُن کو دُکھ دیا اور مقدمہ بنایا اور سخت مخالفت کی اور بالآخر صلیب پر چڑھا کر چھوڑا۔ ایسا ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں مسیلمہ کذاب نے نبوت کا دعویٰ کیا۔ تو کفارِ عرب نے ہر گز اس کی مخالفت نہ کی نہ اس کو ستایا نہ دُکھ دیا بلکہ کئی لاکھ آدمی اس کے ساتھ ہوگئے ۔ برخلاف اس کے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو سخت سے سخت تکلیفیں دیں اور شہر سے نکال دیا۔ قتل کے منصوبے باندھے اور ہر طرح کی ایذا کے درپے رہے یہی ہمیشہ سے سنت اللہ جاری ہے کہ سچے کے ساتھ ایک دو جھوٹے مدعی بھی کھڑے ہوتے ہیں۔ سچا باوجود سخت مخالفتوں کے کامیاب ہو جاتاہے اور جھوٹا باوجود اس کے کہ اس کی کوئی مخالفت نہیں ہوتی ناکام اور نامراد مرتاہے ایسا ہی ہمارے زمانہ میں بھی ہمارے دعویٰ کے ساتھ کئی ایک جھوٹے مدعی الہام اور وحی الٰہی کے پیدا ہوئے ہیں جن میں سے بعض نہایت نامرادی کے ساتھ مر بھی گئے جیسا کہ لاہو رمیں ایک شخص مہدی ہونے کا دعویٰ دار تھا اس کی کوئی مخالفت نہیں کرتا تھا۔ لاہور میں ایک شخص ملا محمد بخش بھی الہام کا مدعی ہے ۔ اپنے الہامات شائع کرتا ہے ۔ کوئی اس کی مخالفت میں اشتہار نہیں دیتا ۔ نہ اس کو ستایا جاتا ہے نہ دُکھ دیا جاتا ہے کیونکہ وہ جھوٹا ہے لیکن ہمارے مقابلہ میں شیطان کو ہلاکت نظر آتی ہے ۔ اس واسطے وہ لوگوں کو مخالفت کے لئے جوش دلاتا ہے یہی قدیم سے خدا تعالیٰ کی سنت چلی آتی ہے ۔ صادق کی مخالفت سخت ہوتی ہے تاکہ اس کی کامیابی ایک بڑا نمایاں اشتہار ہو۔ ۱؎ ۹؍ستمبر ۱۹۰۶ئ؁ مسیح موعودؑ کا کام :۔ فرمایا:۔ ہمارے سامنے جو کام آیا ہے وہ آسان نہیں بلکہ نہایت مشکل کام ہے ہمارے دو کام ہیں۔ اندرونی طور پر قوم کو درست کرنا اور تقویٰ وطہارت کا گمشدہ راستہ ان کو دوبارہ دکھانا اور اس پر چلانا اور دوسرا بیرونی حملوں کا روکنا اور کسر صلیب کرنا۔ یہ ہردوکام ایسے مشکل ہیں کہ بغیر اللہ تعالیٰ کے خاص معجزہ نما کاموں کے معمولی انسانی کوششوں سے کبھی یہ کام پورا نہیں ہوسکتا۔ ہمارے بے وقوف مخالف نادانی