ہمارے نبی کریم ﷺ کی تعلیم کیسی پاک ہے ۔اس میں ذرا بھی شک وشبہ نہیں اور کسی قسم کے شرک کی گنجائش نہیں دوسرے یہ کہ اس کے ساتھ بڑے بڑے نشان ہوتے ہیں کہ بحیثیت مجموعی دنیا میں کوئی بھی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔ تیسرے یہ کہ گذشتہ انبیاء کی جو پیشگوئیاں اس کے متعلق ہوتی ہیں وہ اس پر صادق آتی ہیں ۔ چوتھی بات یہ ہے کہ اس وقت زمانہ کی حالت خود ظاہر کرتی ہے کہ کوئی مامور من اللہ آوے ۔ پانچویں بات یہ کہ کہ سچے مدعی کا صدق اور اخلاص استقلال اور تقویٰ نہایت اعلیٰ درجہ کا ہوتا ہے اور اس میں ایک کشش ہوتی ہے جس سے وہ اوروں کی اپنی طرف کھنیچتا ہے ۔ تمام قرآن مجید میں یہی موٹی باتیں ہیں جن سے کسی مامور کی سچائی کا پتہ لگتا ہے ۔اب جس کو ایمان کی ضرورت ہے وہ یہی پانچ علامتیں پیش کر کے ہمار امتحان کر لے ۔ اس صدی کا مجدد کون ہے اور پھر دیکھو کہ یہ لوگ خود بھی اس بات کو مانتے ہیں کہ ہر صدی کے سر پر ایک مجدد آیا کرتا ہے لیکن افسوس کہ بقول ان کے چودہویں صدی کے سر پر کوئی مجد د نہ آیا حالانکہ چوتھائی حصہ صدی کا گذر بھی گیا ہے اور ہزار ہا لوگ دین اسلام سے مرتد بھی ہو چکے ہیں ۔ ہر ایک خاندان اور ہر ایک قوم کے لو گ عیسائی بن چکے ہیں ۔ ایک وقت وہ تھا کہ اگر ایک مسلمان بھی مرتد ہو جاتا تھا تو قیامت برپا ہو جاتی تھی ۔لیکن اب تو ہر ایک قوم سادات مغل قریش پٹھان اور ہر ایک طبقہ کے لوگ عیسائی مذہب میں موجود ہیں اور مخلوق پر ستی کا وہ طوفان بر پا ہے کہ جب سے دنیا پیدا ہوئی ایسا سننے میں نہیں آیا ۔تو اب بتلاؤکہ جن صدیوں میں ایسا طوفان نہ تھا اُن میں تو مجدد آتے رہے لیکن جس صدی میں اسلام کو نسیت وبابود کرنے کے ہزار ہا سامان پیدا ہو گئے اور لاکھوں انسان مرتد ہو گئے اور بے دینی اور فسق وفجور حد سے زیا دہ بڑھ گیا اور صدی میں سے پچیس برس گذر بھی گئے اس میں کوئی مجدد نہ آیا ۔اور جو دعویٰ کرتا ہے اس صدی کا مجدد میں ہوں تو اُسے دجال سمجھا جاتا ہے اور کذاب اور مفتری خیال کیا جاتا ہے ۔ ان لوگوں کو چاہئے تھا کہ ہمارے انجام کو دیکھتے ۔ہم نے ایک سو ستاسی نشانات کتاب حقیقۃ الوحی میں نہایت ہی اختصار کے ساتھ سرج کئے ہیں ۔ اب ان کو چاہئیے کہ کسی جھوٹے میں وہ نشانات ثابت کریں ۔ ہمارا وقف تعلیم کی نسبت سُن لو کہ ہم ان ناپاکیوں کو دو ر کرتے ہیں جو آنحضرت ﷺ پر لگائی جاتی ہیں ۔ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ مس شیطان سے پاک نہیں ہم کہتے ہیں کہ وہ افضل الرسل ۔سید المعصومین ۔رحمۃللعالمین ۔اور خاتم النبین ہیں اور مس شیطان سے سب سے بڑھ کر پاک ہیں اور تمام کمالات نبوت انہیں کی ذات پاک پر ختم ہو گئے۔