سچی توحید آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے سے ہی مل سکتی ہے۔ فرمایا: توحید آسمان سے نازل ہے جو لوگ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بغض رکھتے ہیں۔ جیسا کہ ڈاکٹر عبدالحکیم خاں وغیرہ جو کہتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کی کچھ ضرورت نہیں ۔ یہودونصاریٰ خود بخود نجات پا جائیں گے ) ان کو کبھی توحید مل ہی نہیں سکتی۔ سارا قرآن شریف اس سے بھرا ہو اہے ۔ جو لوگ یہ عقیدہ رکھتے ہیں۔ خدا تعالیٰ اُن کے اندر سے ایمان کی کیفیت کو سلب کر لیتاہے ۔ مسیح موعود علیہ السلام کی نبوت :۔ ایک شخص نے سوال کیا کہ آپ نبی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ فرمایا: تمام اکابر اس بات کو مانتے چلے آئے ہیں کہ اس امتِ مرحومہ کے درمیان سلسلہ مکالمات الہٰیہ کا ہمیشہ جاری ہے اس معنے سے ہم نبی ہیں، ورنہ ہم اپنے آپ کو اُمتی کیوں کہتے ؟ ہم تو یہ کہتے ہیں کہ جو فیضان کسی کو پہنچ سکتاہے وہ صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی سے پہنچ سکتاہے۔ اس کے سوائے اور کوئی ذریعہ نہیں۔ ایک اصطلاح کے جدید معنے اپنے پاس سے بنا لینا دُرست نہیں ہے۔ حدیث شریف میں بھی آیا ہے کہ آنے والا مسیح نبی بھی ہوگا اور اُمتی بھی ہوگا۔ اُمتی تو وہ ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی سے فیض حاصل کرکے تمام کمال حاصل کرے۔ لیکن جو شخص پہلے ہی سے نبوت کا درجہ پا چکا ہے وہ اُمتی کس طرح سے بن سکے گا ؟ وہ تو پہلے ہی سے نبی ہے ۔ سائل نے سوال کیا کہ اگر اسلام میں اس قسم کا نبی ہو سکتاہے تو آپ سے پہلے کون نبی ہواہے ؟ حضرت نے فرمایا:۔ یہ سوال مجھ پر نہیں بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ہے۔ انہوں نے صرف ایک کا نام نبی رکھاہے ۔ اس سے پہلے کے کسی آدمی کا نام نبی نہیں رکھا۔ اس سوال کا جواب دینے کا اس واسطے میں ذمہ دار نہیں ہوں۔ ۱؎