خُدا کا جلال خد اکے رسول کے جلال سے وابستہ ہے ؛ فرمایا:
یہ لوگ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا نام بے ادبی سے لیتے ہیں اورکہتے ہیں کہ یہ خدا تعالیٰ کے جلال کے اظہار کے واسطے ہے اور نادان نہیں جانتے کہ جب تک خدا تعالیٰ کے نبی اور اس کے رسول کا جلال نہ ہو ۔ خدا تعالیٰ کا جلال وہ کس طرح ظاہر کر سکتے ہیں؟
ڈاکٹر عبدالحکیم ۔ فرمایا:
اگر ڈاکٹر عبدالحکیم کو تقویٰ صحیح ہوتاتو وہ کبھی تفسیر لکھنے کا نام نہ لیتا کیونکہ وہ اس کا اہل نہیں ہے ۔ اس کی تفسیر میں ایک ذرہ روحانیت نہیں اور نہ ظاہرہی علم کا کچھ حصہ ہے ۔
صلیب توڑی جانے کے قابل ہی ہے ۔ فرمایا:
صلیب بھی خطا کارہے کہ وہ اول یسوع پر غالب آئی اور اس کو مردہ سا کر دیا اور پھر اس کی امت پر غالب آئی اور اس کو اپنا پر ستار بنایا۔ اس واسطے صلیب بھی اس قابل ہے کہ توڑی جاوے۔
سچے الہام کی خصوصیات ۔
فرمایا:
الہام الٰہی کی عبادت عموماً مقفّٰی ہوتی ہے اور اس میں ایک شوکت ہوتی ہے اور اس میں سے کلام الٰہی کی ایک خوشبو آتی ہے ۔
چوہدری اللہ داد مرحوم ۔
چوہدری اللہ داد صاحب مرحوم کا ذکر تھا۔ فرمایاکہ :
قبرستان کے متعلق جو الہام الٰہی تھا کہ اُنْزِلَ فِیْھَا رَحْمَۃٌ اس کے مستحق چوہدری صاحب موصوف بھی ہوئے ۔