ہاں یہ پُرانا الہام ہے ہمیں اس وقت یا دنہیں کہ یہ الہام کہیں چھپ چکا ہے یا نہیں ۔ جھوٹے مدعیان نبوت : فرمایا:۔ پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں بھی بہت سے جھوٹے نبی پید اہوئے تھے ۔ مگر جھوٹا ہمیشہ بعد میں پیدا ہوتا ہے ۔ سچا پہلے ظاہر ہو جاتاہے تو پھر اُس کی ریس کرکے جھوٹے بھی نکل کھڑے ہوتے ہیں۔ ہمارے دعوے سے پہلے کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی نے اس طرح خدا تعالیٰ سے الہام پا کر مسیح ہونے کا دعویٰ کیا ہو۔ مگر ہمارے دعویٰ کے بعد چراغ دین اور عبدالحکیم اور کئی دوسرے ایسے پید اہو گئے ہیں۔ اپنے بھائی کو حقارت سے نہ دیکھو اس کیلئے دُعا کرو:۔ حضرت کی خدمت میں ایک شخص کا خط پیش ہوا کہ میں کئی جگہ گیا تھا اور میں نے آپ کی جماعت کے آدمیوں کو نماز کی بروقت پابندی میں اور باہمی اخوت کے شرائط کی پابندی میں قاصر پایا۔ فرمایا:۔ اصلاح ہمیشہ رفتہ رفتہ ہوتی ہے ۔ بعض مستعجل لوگ ہیں جو نکتہ چینی پر جلدی کرتے ہیں اخلاص اور ثبات ِ قدم خدا تعالیٰ کا ایک فضل ہے اور اس سلسلہ میں داخل ہونا بھی اللہ تعالیٰ کا ایک فضل ہے ۔ بہت لوگ ایسے ہیں جنہوں نے داخلہ کے فضل کی توفیق پائی اور ثبات قدم اور اخلاص کی توفیق کے حاصل کرنے کے واسطے ہنوز وہ منتظر ہیں۔ ہر ایک شخص کو چاہیئے کہ وہ اپنی حالت کو دیکھے۔ کیا وہ جس دن اس سلسلہ میں داخل ہوا اس دن اس کی حالت وہ تھی جو آج اس کی ہے۔ ہر ایک آدمی رفتہ رفتہ ترقی کرتا ہے اور کمزوریاں آہستہ آہستہ دور ہو جاتی ہیں گھبرانا نہیں چاہیئے اور اصلاح کے واسطے کوشش کرنی چاہئے ۔ اپنے بھائی کو حقارت سے نہ دیکھو بلکہ اس کے واسطے دُعا کرو۔ اس کیساتھ لڑائی نہ کرو بلکہ اس کی اصلاح کی فکر کرو۔ اپنی موت کو یاد رکھو:۔ ایک شخص نے عرض کی کہ مجھے نماز میں لذت نہیں آتی ۔ فرمایا کہ :۔ موت کو یاد رکھو۔ یہی سب سے عمدہ نسخہ ہے ۔ دنیا میں انسان جو گناہ کرتاہے اس کی اصل جڑ یہی ہے کہ اُس نے موت کو بھلا دیا ہے ۔ جو شخص موت کو یاد رکھتاہے وہ دنیا کی باتوں میں بہت تسلی نہیں پاتا۔ لیکن جو شخص موت کو بھلا دیتا ہے اس کا دل سخت ہو جاتاہے اور اس کے اندر طول اَمَل پیدا ہو جاتا ہے ۔ وہ لمبی لمبی امیدوں کے منصوبے اپنے دل میں باندھتا ہے۔ دیکھنا چاہئے کہ جب کشتی میں کوئی بیٹھا ہو اور کشتی