صرف کھانے پینے اور روپیہ جمع کرنے کی فکر میں ہوں ان کا انجام اچھا
نہیں ہوتا۔ ایسے لوگ بعد میں تکلیف دہ ثابت ہوتے ہیں۔
خدا تعالیٰ کی رحیمیت پر اعتراض کا جواب :۔
لاہور کا دہریہ اپنے اخبار جیون تت میں مختلف حوادث سماوی اور طاعون سے بعض جگہ آدمیں کے تلف ہونے پر خدا تعالیٰ کی صفتِ رحیمیت پر اعتراض کرتا ہے اور نادان کو اتنا خیال نہیں آتا کہ گورنمنٹ کسی بد معاش کو جیل خانہ بھیجی ہے یا کسی مجرم کو پھانسی کا حکم دیتی ہے تو کیا کبھی کسی دانا نے گورنمنٹ کو ظالم یا بے رحم قرار دیا ہے ؟ ظالم کو اس کے ظُلم کی سزا دینا خود رحم ہے۔ کیا نادان دہریہ کے نزدیک جیل کے داروغے اور سیشن کورٹ کے جج سب ظالم اور سفاک ہیں ؟ اور محکمہ جات سب بند کر دینے چاہئیں۲؎
بلاتاریخ:
حضرت ابراہیم کیلئے آگ کا ٹھنڈا کیا جانا:۔
ایک دوست کا خط حضرت کی خدمت میں پیش ہوا کہ حضرت ابراہیم ؑ پر جو آگ ٹھنڈی ہو گئی تھی آیا وہ فی الواقعہ آتشِ ہیزم تھی یا کہ فتنہ و فساد کی آگ تھی۔
حضرت نے فرمایا:۔
فتنہ و فساد کی آگ تو ہر نبی کے مقابل میں ہوتی ہے اور وہی ہمیشہ کوئی ایسا رنگ اختیار کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ایک معجزہ نما طاقت اپنے نبی کی تائید میں اس کے بالمقابل دکھاتا ہے ۔ ظاہری آتش کا حضرت ابراہیم ؑ پر فرو کر دینا خدا تعالیٰ کے آگے کوئی مشکل امر نہیں اور ایسے واقعات ہمیشہ ہوتے رہتے ہیں۔ حضرت ابراہیم ؑ کے متعلق ان واقعات کی اب بہت تحقیقات کی ضرورت نہیں کیونکہ ہزاروں سالوں کی بات ہے۔ ہم خود اس زمانہ میں ایسے واقعات دیکھ رہے ہیں اوراپنے اوپر تجربہ کر رہے ہیں۔
معجزانہ حفاظت کے چند واقعات :۔
(۱) ایک دفعہ کا ذکر ہے جبکہ میں سیالکوٹ میں تھا تو ایک دن بارش ہو رہی تھی۔ جس کمرہ کے اندر میں بیٹھا ہوا تھا اس میں بجلی آئی سارا کمرہ دھوئیں کی طرح بھرگیا اور گندھک کی سی بو آتی تھی، لیکن ہمیں کچھ ضررنہ پہنچا