(بوقت سیر ) اچھی تلاوت کو پسند فرمانا:۔ صبح کو حضرت سیر کے واسطے تشریف لے گئے ۔ خدام ساتھ تھے۔ حافظ محبوب الرحمن صاحب جو کہ اخویم منشی حبیب الرحمن صاحب رئیس حاجی پورہ اور بھائی جان منشی ظفر احمد صاحب کے عزیزوں میں سے ہیں ساتھ تھے۔ حضرت نے حافظ صاحب کی طرف اشارہ کرکے فرمایا کہ :۔ یہ قرآن شریف اچھا پڑھتے ہیں اور میں نے اسی واسطے ان کو یہاں رکھ لیا ہے کہ ہر روز اُن سے قرآن شریف سُنا کریں گے ۔ مجھے بہت شوق ہے کہ کوئی شخص عمدہ ، صحیح ، خوش الحانی سے قرآن شریف پڑھنے والا ہوتو اس سے سُنا کروں۔ پھر حافظ صاحب موصوف کو مخاطب کرکے حضرت نے فرمایا کہ :۔ آج آپ سیر میں کچھ سنائیں۔ چنانچہ تھوڑی دور جاکر آپ نہایت سادگی کے ساتھ ایک کھیت کے کنارے زمین پر بیٹھ گئے اور تمام خدام بھی زمین پر بیٹھ گئے اور حافظ صاحب نے نہایت خوش الحانی سے سورہ دہر پڑھی جس کے بعد آپ سیر کے واسطے آگے تشریف لے گئے ۔ اخبارات میں قرآن کریم کی آیات:۔ فرمایا:۔ بڑا افسوس ہے کہ قرآن شریف کی جو آیات اخبار الحکم اور بدر میں لکھی جاتی ہیں اُن میں اکثر غلطیاں ہوتی ہیں۔ اخبار والوں کو بہت احتیاط کرنی چاہئے ۔