سوال ہواکہ طاعون زدہ کے واسطے کیا حکم ہے؟
فرمایا:۔
مومن طاعون سے مرتا ہے تو وہ شہید ہے۔ شہید کے واسطے غسل کی ضرورت نہیں۔
سوال ہوا کہ اس کو کفن پہنایا جائے یا نہیں؟
فرمایا:۔
شہید کے واسطے کفن کی ضرورت نہیں۔ وہ انہیں کپڑوں میں دفن کیا جاوے۔ ہاں اس پر ایک سفید چادر ڈال دی جائے تو ہرج نہیں۔
اسم اعظم:۔
ایک شخص کا سوال حضرت اقدس کی خدمت میں پیش ہوا کہ قرآن شریف میں اسم اعظم کونسا لفظ ہے؟
فرمایا:۔
اسم اعظم اللہ ہے
خواب کو پورا کرنا:۔
ایک دوست نے حضرت کی خدمت میں اپنی بیوی کا خواب لکھا کہ ’’کسی شخص نے خواب میں میری بیوی کو کہا کہ تمہارے بیٹے پر بڑا بوجھ ہے اس پر سے صدقہ اتارو اور کرو کہ چنے بھگو کر مٹی کے برتن میں رکھ کر اور لڑکے کے بدن کا کرتہ اتار کر اس میں باندھ کر رات سوتے وقت سرہانے چارپائی کے نیچے رکھ دو اور ساتھ چراغ جلا دوصبح کسی غیر کے ہاتھ اٹھوا کر چوراہے میں رکھدو۔‘‘ یہ خواب لکھ کر حضرت سے دریافت کیا کہ کیا جائز ہے کہ ہم خواب اسی طرح سے پورا کریں۔
جواب میں حضرت نے تحریر فرمایا کہ:۔ جائز ہے کہ اس طرح سے کریں اور خواب کو پورا کرلیں۔
دعا میں صیغہ واحدکو جمع کرنا:۔
ایک دوست کا سوال حضرت کی خدمت میں پیش ہوا کہ میں ایک مسجد میں امام ہوں بعض دعائیں جو صیغہ واحد متکلم
میں ہوتی ہیں یعنی انسان کے اپنے واسطے ہی ہوسکتی ہیں میں چاہتا ہوں کہ ان کو صیغہ جمع میں پڑھ کر مقتدیوں کو بھی اپنی دعا میں شامل کرلیا کروں اس میں کیا حکم ہے؟