ایک الہام کی تشریح :َ ذکر ہوا کہ اخبارات سے معلوم ہوتاہے کہ طاعون روز بروز ترقی پکڑتی جاتی ہے۔ حضرت اقدس علیہ السلام نے فرمایا:۔ شاید وہ جو ہمارا الہام ہے ایک ہفتہ تک ایک بھی باقی نہ رہے گا، یہ خاص اشخاص کے متعلق ہو اور اس کا ظہور اس شکل میں ہو۔ کل دہلی سے خط آیا ہے کہ مولوی عبدالمجید دہلوی جو ہمارا سخت معاند تھا یکایک مرگیا ۔ ایسا ہی ایک اور بڑے معاند کی مرگِ مفاجات کا ذکر تھا۔ نواب بہاولپور کا حسنِ خاتمہ :۔ نواب بہاولپور کا ذکر ہوا تو آپ نے فرمایا:۔ میرے نزدیک اس کا خاتمہ اچھا ہوا۔ اس خاندان کا پیر ( غلام فرید صاحب مرحوم ساکن چاچڑاں) ہمارا معتقد تھا۔ نواب بہاولپور شاید اس نوجوانی کی عمر میں واپس آتا تو غلطیوں میں مرتکب ہو جاتا۔ اس کا حسن خاتمہ بطور یاد گار رہے گا۔