مکروہ ہے اور ایسی ضرورت ہی کیا ہے کہ دن کے وقت سرمہ لگائے ۔ رات کو سرمہ لگا سکتاہے ۔
(۷) ایک شخص کا سوال حضرت صاحب کی خدمت میں پیش ہوا کہ جو شخص بسبب ملازمت کے ہمیشہ دورہ میں رہتاہو اس کو نمازوں میں قصر کرنی جائز ہے یا نہیں؟
فرمایا:۔
جو شخص رات دن دورہ پر رہتا ہے اور اسی بات کا ملازم ہے وہ حالت دورہ میں مسافر نہیں کہلا سکتا ۔ اس کو پوری نماز پڑھنی چاہیئے۔
(۸)ایک شخص کا سوال حضرت صاحب کی خدمت میں پیش ہوا کہ نماز فجر کی اذان کے بعد دو گانہ فرض سے پہلے اگر کوئی شخص نوافل ادا کرے تو جائز ہے یا نہیں؟
فرمایا:۔
نماز فجر کی اذان کے بعد سورج نکلتے تک دو رکعت سنت اوردو رکعت فرض کے سوا اور کوئی نماز نہیں ہے۔
(۹)ایک شخص نے حضرت سے سوال کیا کہ بندوق کی گولی سے جو حلال جانور ذبح کرنے سے پہلے مر جائے اس کا کھانا جائز ہے یا نہیں؟
فرمایا :۔
گولی چلانے سے پہلے تکبیر پڑھ لینی چاہیئے ۔ پھر اس کا کھانا جائز ہے۔۱؎؎
۱۶؍جنوری ۱۹۰۷ئ
مسیح موعودؑ کے بارہ میں ایک حدیث :۔
آج حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام باہر سیر کو تشریف لے گئے ۔ راستہ میں حضرت مولوی سید محمد احسن فاضل امروہی نے مسیح موعود کے متعلق ایک حدیث نواس بن سمعان کی جو حاشیہ مسند احمد بن حنبل پر چڑھی ہوئی ہے کے دو جملے پیش کئے۔ ایک جملہ ہے تُقْبَضُ لَہٗ الْاَرْضُ یعنی مسیح موعود کے لیے زمین طے کی جاوے گی جس سے ریل اور اگنبوٹ وغیرہ کی طرف اشارہ ہے چنانچہ کتب و رسالہ جات تبلیغ اسلام کے یورپ و امریکہ وغیرہ ممالک میں انہی ذرائع سے شائع ہو رہے ہیں۔