اذان بھی ایک اسلامی دعوت ہے اور اس حالت میں اسلام کی اجمالی دعوت ہے حَیَّ عَلَی الصَّلوٰۃ اور حَیَّ عَلَی الْفَلَاح کا کیا مطلب ہے ؟ یہی کہ مسلمان ہو جائو۔ مگر یہ لوگ اسلام کے دشمن تھے ۔ اس لیے اس بانگ کے دشمن تھے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ہوشیار پور میں ہوا۔ وہاں کسی شخص نے بانگ دی تو اس کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا۔ صاحبِ ضلع نے اس مقدمہ کو نہایت حیرانی سے سُنا ۔ انہوںنے حکم دیا کہ اس شخص کو حاضر کرو۔ چنانچہ جب وہ حاضر ہوا تو اُسے کہا گیا کہ اچھا بانگ دو اور جس قدر اُونچی آواز سے تم نے وہاں دی ہے اسی قدر آواز سے یہاں بھی دو اور اپنے سر رشتہ دار کو بھی کہا کہ تم بھی خیال رکھو اس سے کیا تکلیف ہوتی ہے ۔ بانگ دینے والے نے آہستہ آواز سے بانگ دی تو شکایت کرنے والوں نے کہا کہ اس نے اونچی آواز میں دی تھی اب یہاں آہستہ دیتا ہے ۔ تب اسے کہا گیا کہ خوب زور سے دو۔ آخر اُس نے بانگ دی ۔ جب وہ ختم کر چکا تو صاحب نے سر رشتہ دار سے پوچھا کہ تمہیں کچھ تکلیف ہوئی؟ اس نے کہا کہ نہیں صاحب۔ صاحب نے کہا کہ ہم کو بھی کوئی تکلیف نہیں ہوئی اور اُسے کہا کہ جائو بے شک جاکر بانگ وہ کچھ ہرج نہیں ہے۔ ۱؎