دن رات ہم اپنے منصب کی وجہ سے اسی کام میں لگے ہوئے ہیں کہ عیسائی مذہب کی غلطیوں سے لوگوں کو آگاہ کریں اور ہم اس کام میں لگے ہوئے ہیں لیکن گورنمنٹ کو باوجود عیسائی ہونے کے کوئی تعلق نہیں۔ یہ خدا تعالیٰ کا فضل ہے اور اس کے احسانوں میں سے ایک نشان ہے جو اُس نے ہمارے لیے ظاہر کئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ جس درخت کا نشوو نما کرنا چاہتاہے ۔ اس کیلئے اچھی زمین تجویز ہوتی ہے جہاں وہ لگایا جاتا ہے اور اس کی آبپاشی اور نشوو نما کے دوسرے سامان وہاں اُسے بہم پہنچائے جاتے ہیں اور جسے ستیاناس کرنا چاہتا ہے اُسے ایسی زمین میں جگہ ملتی ہے جہاں وہ کچلا جاتاہے ۔ پس اسی طرح پر یہ بیج جو ہمارے سلسلہ کا بیج ہے ایسی زمین میں لگایا گیا ہے جو اس کی ترقی اور نشوو نما کے لیے بہت ہی مفید اور مبارک ہے کیونکہ یہاں کوئی آفت اس کو نقصان نہیں پہنچا سکتی اور وہ اپنے دشمنوں سے محفوظ ہے اور اس کا بڑا بھاری ذریعہ یہ گورنمنٹ ہے جبکہ یہ احسان ہم پر ہے تو ہمارا فرض ہے کہ اس احسان شناسی کے بعد اس کا شکریہ ادا کریں کیونکہ خدا تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے ۔ ھَلْ جَزَآئُ الْاِحْسَانِ اِلَّا الْاِحْسَانُ۔ (الرحمن :۶۱)
اس سے یہ مراد ہرگز نہیں کہ مسلمان احسان کرتے تو اس کے بدلہ میں احسان کرو اور اگر غیر مذہب والا کرے تو نیش زنی کرو۔ یہ تو خبیث کا کام ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا یہی منشا ہے کہ کوئی ہو جو احسان کرتا ہے ۔ اس کے ساتھ احسان کرنا فرض ہے ۔ احسان کی تو یہ طاقت ہے کہ اگر ایک کُتے کو تم ٹکڑا ڈال دو تو وہ بار بار تمہاری طرف آئے گا خواہ تم اُسے مار کر بھی نکالو مگر وہ تمہیں دیکھ کر اس احسان کے شکریہ کے لیے دم ہلاوے گا۔ پھر وہ انسان تو کتے سے بھی بدتر ہے جو انسان ہوکر احسان شناسی سے کام نہیں لیتا۔
میں اپنی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ ان نادان ، تنگ خیال اور سفلہ مزاج ملائوں سے نفرت اور پرہیز کریں جو بغاوت پسند ہیں اور ناحق خون کرکے غازی بنتے ہیں۔۲؎میری جماعت کے ہر فرد کو لازم ہے کہ وہ گورنمنٹ کی قدر کریں اور پوری اطاعت اور وفاداری کے ساتھ اس کے احسانات کے شکرگذار ہوں اور یقینا سمجھ لیں کہ جو شخص مخلوق کا شکر نہیں کرتا وہ اللہ تعالیٰ کا شکر گذار بھی نہیں ہو سکتا۔
اللہ تعالیٰ کی طرف سے پنجاب کو منتخب کرنے کی حکمت :۔
غرض اللہ تعالیٰ کے احسانات میں سے ایک یہ بڑا احسان ہے کہ اس نے اس سلسلہ کو گورنمنٹ انگلشیہ کی حکومت میں قائم کیا جو آزادی پسند اورامن دوست گورنمنٹ ہے اور اللہ تعالیٰ کے احسانات میں سے یہ دوسرا احسان ہے کہ اس نے اس سلسلہ کو پنجاب میں قائم کرنا پسند فرمایا اور اس سرزمین کو اس کے لیے منتخب کیا ۔ ہندوستان بھی تو تھا پھر کیا وجہ ہے اور اس میں کیا