اگر اس کی باقی ساری زندگی ایک طرف ہواور وہ دن ایک طرف ،تو وہ دن قدروقیمت میں بڑھ جاتا ہے زندگی کے یہ دن بہرحال گذرہی جاتے ہیں اور اکثر بہائم کی زندگی کی طرح گذرتے ہیں لیکن مبارک وہی دن ہے جو خدا تعالیٰ کی محبت اور وفا میں گذرے فرض کرو کہ ایک شخص کے پاس لطیف اور عمدہ غذائیں کھانے کے لیے اور خوبصورت بیویاں اور عمدہ عمدہ سواریاں سوار ہو نے کورکھتا ہے بہت سے نوکر چاکر ہر وقت خدمت کے لیے حاضر رہتے ہیں مگر ان سب باتوں کا انجام کیا ہے؟ کیا یہ لذتیں اور آرام ہمیشہ کے لیے ہیں؟ ہر گز نہیںان کا انجام آخر فنا ہے مردانہ زندگی یہی ہے کہ اس زندگی پر فرشتے بھی تعجب کریں وہ ایسے مقام پر کھڑا ہو کہ اس کی استقامت سے اخلاص اور وفاداری تعجب خیز ہو ۔خدا تعالیٰ نامرد کو نہیں چاہتا ۔اگر زمین وآسمان بھی ظاہری اعمال سے بھر دیں لیکن ان اعمال میں وفانہ ہو تو ان کی کچھ بھی قیمت نہیں ۔کتاب اللہ سے یہی ثابت ہو تا ہے کہ جب تک انسان صادق اور وفادار نہیں ہوتا اس وقت تک اس کی نماز یں بھی جہنم ہی کولے جانے والی ہوتی ہے جب تک پورا وفا دار اور مخلص نہ ہو ریا کاری کی جڑاندر سے نہیں جاتی ہے لیکن جب پوار وفادار ہوجاتا ہے اس وقت اخلاص اور صدق آتا ہے اور وہ زہریلا مادہ نفاق اور بزدلی کا جوپہلے پایا جاتا ہے دور ہو جاتا ہے ۔
صدق اور خد مت کا آخری موقعہ
اب وقت تنگ ہے مَیں بار بار یہی نصیحت کر تا ہوں کہ کوئی جوان یہ بھروسہ نہ کرے کہ اٹھارہ انیس سال کی عمر ہے اور ابھی بہت وقت باقی ہے تندرست اپنی تندرستیاور صحت پر نازنہ کرے اسی طرح اَور کوئی شخص جو عمدہ حالت رکھتا ہے وہ اپنی وجاہت پر بھروسہ نہ کرے زمانہ انقلاب میں ہے یہ ؤخری زمانہ ہے ۔
اللہ تعالیٰ صادق اور کاذب کو آزمانا چاہتا ہے اس وقت صدق ووفا کے دکھانے کا وقت ہے اور آخری موقعہ دیا گیا ہے یہ وقت پھر ہاتھ نہ آئے گا یہ وہ وقت ہے کہ تمام نبیوں کی پیشگوئیاں یہاں آکر ختم ہو جاتی ہے اس لیے صدق اور خدمت کا یہ آخری موقع ہے جو نوعِ انسان کو دیاگیا ہے اب اس کے بعد کوئی موقع نہ ہو گا بڑا ہی بد قسمت وہ ہے جو اس موقع کو کھودے ۔
نرازبان سے بیعت کا اقرار کر نا کچھ چیز نہیں ہے بلکہ کو شش کرو اور اللہ تعالیٰ سے دعائیں ماگنو کہ وہ تمہیں صادق بناوے اس میں کوشش کرو اور اس راہ پر چلو جو مَیں نے پیش کی ہے عبداللطیف کے نمونہ کو ہمیشہ نظر رکھو کہ اس سے کس طرح پر صادقوں اور وفاداروں کی علامتیں ظاہر ہو ئی ہیں یہ نمونہ خدا تعالیٰ نے تمہارے لیے پیش کیا ہے۔