غیر معمولی ملاقات قبل دوپہر حضرت اقدس علیہ السلام کے حضور بعض احباب کو شرف قدم بوسی حاصل ہوا جناب ابو سعید عرب صاحب نے اپنے بعض احباب کا تذکرہ کیا کہ اور گونہ افسوس ظاہر کیا کہ ان کو سلسلہ کی آگاہی اور اطلاع نہیں۔حضرت حجۃاﷲ نے اس تحریک پر ایک مختصر سی تقریر فرمائی ہم بعد میں پہنچے تھے تاہم ابھی سلسلہ تقریر کا شروع ہی ہوا تھا ہم نے ایسی طرز پر اس کو قلمبند کای ہے کہ یہ سلسلہ نا تمام نظر نہ آئے گا انشاء اﷲالعزیز (ایڈیٹر الحکم ) دنیا دار الحجاب ہے فرمایا :- اﷲ تعالیٰ نے اس دنیا کو دارالحجب رکھا ہے کچھ چھپایا ہے کچھ ظاہر کیا ہے اس نے دنیا میں اپنے نبی اور رسول بھیجے مگر اپنا منہ چھپایا اس نے کتابیں اور شریعتیں نازل کیں مگر کسی نے ان کتابوں کو اترتے ہوئے نہیں دیکھا نبیوں کی معرفت پیشگوئیاں کیں بعض ان میں سے پوری ہو گئیں اور کچھ باقی رہ گئیں وہ لوگ جن کی نظر دینا کی سطح سے اوپر نہیں جاتی انہوں نے ان باتوں کو دیکھ کر اعتراض کیا اور کہہ دیا کہ فلاں بات پوری نہیں ہوئی مگر انہیں اﷲ تعالیٰ کی اس سنت پر اطلاع نہیں ہے اﷲ تعالیٰ نے ایسا کیوں کیا؟ کہ تا ایمان داروں اور جد بازوں میں امتیاز ہو ہمارا ایمان ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہر بات پر قادر ہے کہ اسے جو کچھ قیامت کو کرنا ہے وہ اسی دنیا میں کرکے دکھا سکتا ہے۔کیونکہ وہ علی کل شیء قدیر (البقرۃ : ۲۸۵) ہے مگر پھر ایمان ایمان نہ رہتا اور نہ اس کے ثمرات میسر ہوتے جو لوگ ایمان کی حقیقت کچھ نہ کچھ مخفی رہنا ضروری ہے کیونکہ اﷲ تعالیٰ نے جو فرمایا ہے۔ فمن ھم شقی وسعید (ہود : ۱۰۲) دونو فریق اسی سے بنتے ہیں سعید جلد بازی نہیں کرتے بلکہ حسن ظن اور صبر سے کام لے کر ایمان لاتے ہیں اور جو شقی ہوتے ہیں وہ جلد بازی سے کام لے کر اعتراض کرتے ہیں جو لوگ منہاج نبوج کو نہیں چھوڑتے وہ ٹھوکر نہیں کھاتے اور کوئی ایسا اعتراض نہیں کرتے۔میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ مجھ پر کوئی ایسا اعتراض نہیں ہوسکتا جو پہلوں پر نہ ہوا ہو۔جو کوئی مجھ پر اعتراض کرے گا وہ دین سے خارج ہو کر اعتراض کرے گا۔