۲۸ ؍ اپریل ۱۹۰۲ء؁ اشتہار دافع البلا کی اشاعت کے لیے شیخ یعقوب علی صاحب کی امداد اشتہار دافع البلاء کے متعلق حضرتؑ بہت تاکید کر رہے تھے کہ اس کو بہت جلد شائع کیا جائے۔ مگر مطبع میں ہفتہ کے اندر آٹھ سو چھپ سکتا ہے۔ اس پر شیخ یعقوب علی صاحب نے عرض کی کہ اخبار الحکم کے ہر دو پریس ہم دو دن کے لیے خالی کروا دیتے ہیں۔ حضرتؑ نے بہت پسند فرمایا اور حکم دیا کہ ایسا کیا جاوے تا کہ یہ عشتہار وقت پر جلد شائع ہو جائے۔ اﷲ تعالیٰ شیخ صاحب موصوف کو جزائے خیر دے۔ اُن کے مطبع سے اس طرح وقتاً فوقتاً حضرت کے زیادہ ضروری کاموں میں نصرت ملتی رہتی ہے۔ الہام حضرت اقدسؑ کو الہام ہوا : انی احافظ کل من فی الدار۔ فرمایا : دار کے معنے نہیں کھلے کہ اس سے مراد صرف یہ گھر ہے یا قادیان میں جتنے ہمارے سلسلہ کے متعلق گھر ہیں۔ مثلاً مدرسہ اور مولوی صاحب کا گھر وغیرہ۔ ۲۹ ؍ اپرریل ۱۹۰۲ء؁ چراغ الدین جمونی کا توبہ نامہ ظہر کے وقت فرمایا : میاں چراغ الدین جمّوں والے نے اپنا توبہ نامہ بھیج دیا ہے۔ یہ اُن کی بڑی سعادت ہے اور ہم مانتے ہیں کہ انہوں نے دراصل کوئی افتراء نہیں کیا تھا بلکہ حدیث نفس اور اضغاث احلام سے ایک دھوکا لگ جاتا ہے۔ شیخ یعقوب علی الحکم میں شائع کر دیں کہ سب لوگ اُن کو اپنا بھائی سمجھیں اور خُلق کے ساتھ اُن سے پیش آویں۔ ۲۸ ؍ اپریل کے الہام کا ذکر تھا۔ فرمایا کہ : ’’ہم تو چاہتے ہیں کہ ہمارا گھر اتنا بڑا ہو تا کہ سارے جماعت والے اس کے اندر آجاتے‘‘۔